کراچی (نیوز رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ بھی بجلی کی آنکھ مچولی کی زد میں آگیا۔ بجلی کی فراہمی معطل ہونے کے باعث عدالتی امورمیں سائلین اور وکلا کو دشواری کا سامنا رہا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ ہائیکورٹ میں کے الیکٹرک کے سب اسٹیشن میں معمولی دھماکا ہواتھا جس کے سبب بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی تاہم جنریٹر کی مدد سے بجلی بحال کی گئی۔ سندھ ہائیکورٹ میں بجلی نہ ہونے کے باعث واک تھرو گیٹس بند ہونے سے سیکیورٹی اہلکاروں نے ہر آنے جانے والوں کی روایتی ( مینول )طریقے سے تلاشی لی۔ بجلی بند ہونے کی وجہ سے سندھ ہائیکورٹ کا انفارمیشن سیکشن اور شناختی برانچ بھی بند رہی جبکہ کمرہ عدالت میں اندھیرا اور گرمی کے باعث وکلا اور سائلین کمرہ عدالت سے باہر آگئے۔