حکومت پھنس گئی ، آگے سمندر پھچے میں لانگ مارچ کی تا ریخ کل دوں گا : عمران

May 19, 2022


گوجرانوالہ +لاہور(نمائندہ خصوصی+نیوز رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سارے پاکستان کے بڑے ڈاکو اور بڑے مافیا ایک طرف اور میری قوم دوسری طرف کھڑی ہو گئی ہے اس کو انقلاب کہتے ہیں۔ جب ایک قوم مافیا بڑے چور اور سسٹم سے لوگوں کا خون چوستے ہیں تو ایک قوم بن کے ان کو شکست دیں گے۔ ایک امریکی سازش کے تحت پاکستان کے بڑے ڈاکوئوں کو اکٹھا کر کے انہوں نے پاکستان کی 22کروڑ عوام کی منتخب کردہ حکومت کو گرایا۔ پوری قوم بتائے کہ یہ سازش تھی یا مداخلت تھی۔ پہلے سازش ہوتی ہے اس کے بعد مداخلت ہوتی ہے۔ یہ کوئی بھی نہیں سوچ رہا تھا۔ یہ لوگ سمجھ رہے تھے کہ جب پرائم منسٹر کو نکالاجاتا ہے تو مٹھایاں بانٹی جاتی ہیں۔ یہ کوئی بھی نہیں سوچ رہا تھا کہ جب اس پرائم منسٹر کو سازش کے تحت نکالا گیا تو مٹھائیاں باٹنے کی بجائی میری قوم سڑکوں پر نکل آئی۔ یہ زندہ اور آزاد قوم ہے۔ میں آپ کو دو وجہ سے اسلام آباد  بلا رہا ہوں۔ ایک یہ کہ امریکی سازش کو ناکام کرنا اور دوسری بڑے ڈاکوئوں، قاتل، لٹیرے، منشیات فروش جن کو ہمارے اوپر مسلط کیا گیا کہ یہ سازش کرنے والے لوگوں کو ہم بتائیں گے کہ ہم ایک زندہ اور آزاد قوم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ کے جناح سٹیڈیم میں ہونے والے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی، شیخ رشید، شہباز گل ، علی محمد خان، شفقت محمود، سٹی صدر خالد عزیز لون، علی اشرف مغل، چوہدری صدیق مہر، مستنصر ساہی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں سب سے تیزی سے ہمارے ملک کی دولت میں اضافہ ہو رہا تھا۔ ہم نے اپنے ملک میں اپنے لوگوں کو پٹرول کو بھی کم کیا اور فضل الرحمن کو بھی کم کیا۔ ہم نے اپنے لوگو ں پر بوجھ کم کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب دنیا میں تیل سب سے مہنگا اور عالمی سطح پر ریکارڈ مہنگائی تھی ہم نے کوشش کی کہ اپنے لوگوں پر کم بوجھ ڈالیں۔ عوام سے پیسے اکٹھے کر کے عوام پر ہی خرچ کیے۔ ہم نے اپنے کسانوں کی مدد کی۔ کسانوں کو جو شوگر مافیا پیسے نہیں دیتا تھا ہم نے پوری قیمت لی اپنے کسانوں کو دی۔ ٹائم پر پیسہ دیا کسانوں نے زمین پر لگایا اور اچھی پیداوار کی قیمت ہوئی۔ شریف خاندان اور آج کل سب سے زیادہ خوش پھر رہا ہے آصف زرداری، جس کو پیسے کی بیماری ہے کہ ساری گالیاں شہباز شریف اور ن لیگ کو پڑ رہی ہیں وہ آرام سے سینٹرل میں بھی بیٹھا ہے، سندھ بھی سنبھالا ہے، پیسے بھی بنا رہا ہے اور گالیاں صرف شہباز شریف اور ن لیگ کو پڑ رہی ہیں۔ واقعی زرداری تم ن لیگ پر بھاری ہو۔ اچھا ان سے بدلہ لے رہے ہو۔ لیکن شہباز شریف چیری بلاسم امریکی ایمبیسی کے بوٹ اور جب فوجی بوٹ دیکھتا ہے تو ایسے پالش کرتا ہے کہ اپنی شکل نظر آتی ہے بوٹوں میں۔ شہباز شریف وزیر اعظم تو بن گئے اب کہتا ہے ہن کی کراں میں روپیہ گر رہا ہے، مہنگائی بڑھ رہی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف کو بڑا شوق تھا اچکن سلوانے کا۔ اب بتائو لوگوں کو جواب دو۔ ادھر بھائی صاحب باہر بیٹھا ہوا ہے بھگوڑا، سزا یافتہ، جھوٹا، بزدل دوسری دفعہ ملک چھوڑ کر بھاگا ہے۔ اب یہ دونوں بھائی سوچ رہے ہیں اب کیا کریں۔ پھنس گئے ہیں آگے سمندر اور پیچھے عمران خان کھڑا ہے۔ آگے جاتے ہیں تو سمندر اور پیچھے جاتے ہیں تو ساری عوام کو لیکر عمران خان کھڑا ہے۔ میری آج پیشگوئی سن لو ن لیگ والو۔ جو آپ آج تک بچتے رہے ہو تیس سا ل سے چوری کررہے تھے باہر اربوں روپے کے بڑے بڑے محلات، بیٹے باہر، منشی اسحاق ڈار باہر اس کے بچے باہر، شہباز شریف کا داماد باہر، بیٹا باہر اور پولیٹکس پاکستان میں کہ پاکستان ملا ہے یہاں سے پیسے لوٹو اور باہر لے جائو۔ جو تیس سال سے ظلم کر رہے تھے دونوں بھائی کان کھول کے سن لو۔ ہر ڈاکو کا وقت آجاتا ہے تمہارا وقت آگیا ہے۔ اسلام آباد میںاپنی آنکھوں سے دیکھو گے عوام کا سمندر آئے گا اور تم سب کو لے جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف سے جب لوگ پوچھتے ہیں کہ میاں صاحب ایے کی کیتا سانوں پھنسا دیتا جے۔ شہباز شریف کا جو ایف آئی اے میں 24ارب کا کیس تھا جس کی سزا ہونے والی تھی اس سزا سے بچنے کے لیے بہترین طریقہ یہ ہے کہ باہر کی سازش اور اندرونی لوگوں کو ساتھ ملا کر وزیر اعظم بن جائوں گا تو میرے کیسز نہیں ہوں گے۔ شہباز شریف غلط فہمی میں نہ رہنا ہم نے تمہیں نہیںچھوڑنا۔ ڈاکٹر رضوان کو ہارٹ اٹیک سے مرا جس نے تمہارا کیس کیا۔ فکر نہ کرو ایف آئی اے اور بڑے قابل انویسٹی گیشن آفیسر ز ہیں۔ جہاں تم جائو گے انویسٹی گیشن وہیں سے شروع ہو گی اور تمہارے سے ہم پیسے بھی نکالیں گے۔  شکر اللہ کا، گوجرانوالہ سے کوئی لوٹا نہیں ہوا۔ کل میں ملتان جا رہا ہوں وہاں سے بڑے لوٹے ہوئے۔ جنوبی پنجاب سے بڑے لوٹے ہوئے، میں ان کا بندوبست کرنے جا رہا ہوں۔ جب ہم ایک قوم بن جائیں گے تو کوئی مشکل نہیں ہو گا قرضہ واپس کرنے میں۔ جب سیلاب آیا 2010میں تو قوم نے مل کر اپنے ملک کو کھڑا کیا۔ اسی طرح اب پاکستان کو کھڑا کریں گے۔ 26سال پہلے جب سیاست میں آیا تو اپنی قوم سے وعدہ کیا تھا نہ کبھی کسی کے سامنے جھکا ہوں نہ آپ کو کسی کے سامنے جھکنے دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی بہنوں اور اہلیان گوجرانوالہ کو دعوت دیتا ہوں کہ آپ سب نے اسلام آباد آنا ہے۔ جس طرح تحریک پاکستان میں میری والدہ اور والد شامل تھے۔ یہ حقیقی آزادی کے لیے آپ سب نے نکلنا ہے۔ انشاء اللہ یہ وہ پاکستان بنے گا جو قائد اعظم کی جدوجہد تھی اور میرے نظریاتی قائد علامہ اقبال کا خواب تھا۔ یہ وہ پاکستان بنے گا جو اپنے نعرے پر کھڑا ہو گا۔ انشاء اللہ اسی مہینے جنگ جیت کر نیا پاکستان بنائیں گے۔ میرا گوجرانوالہ اسلام آباد مارچ کے لیے تیار ہے، گوجرانوالہ یہ پولیٹکس نہیں ہو رہی یہ انقلاب آر ہا ہے۔ جب آپ کو اسلام آباد کی کال دو گا تو کیا آپ تیار ہو۔ آپ کو پاکستان کی حقیقی آزادی کی جنگ لڑنے کے لیے اسلام آباد بلا رہا ہوں، نوجوانوں آپ کے جوش کو سلام پیش کرتا ہوں۔ دریں اثناء لاہور میں وکلاء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ امریکہ نے سازش کے تحت چوروں اور لٹیروں کو مسلط کر دیا، غلامی نامنظور، پاکستان کو خود مختار اور غیرت مند قوم بنانا ہے، وکلا برادری حقیقی آزادی کیلئے  باہرنکلیں۔ جمعہ کو ملتان کے جلسے میں اسلام آباد کی کال دوں گا، تمام وکلا نے میرے ساتھ اسلام آباد جانا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ ہے جب تک وکلا شامل نہ ہوں تحریک کامیاب نہیں ہوتی۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد جانے کے لیے سب کو دعوت دے رہا ہوں۔ رجیم تبدیل کر کے لٹیروں کو مسلط کیا گیا، یہ ہمیں روکنے کے لیے ہر حربہ استعمال کریں گے، مجھے وکلا کی ضرورت ہے، لاہور بار کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف اور ان کے بیٹوں پر 40 ارب منی لانڈرنگ کے کیسز ہیں، دنیا کے کسی مہذب معاشرے میں ایسا نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اپنے کیسز کو ختم اور این آر او دلوائیں گے، وکلا کو چوروں کے خلاف سپریم کورٹ، ہائی کورٹ جانا چاہیے، اگر بڑے ڈاکوؤں کو نہیں پکڑنا تو پھر چھوٹے چوروں کو جیلوں میں کیوں ڈالتے ہو۔ ہماری تحریک ان چوروں کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دے گی، امریکہ کی غلامی سے ہمیشہ کے لیے آزادی مل جائے گی۔ 

مزیدخبریں