اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاک فوج کے 88 افسروں، جے سی اوز اور جوانوں کو اعزازات سے نوازا گیا۔ شہدائ‘ افسروں و جوانوں کو اعزاز دینے کی تقریب جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہدائے وطن کے عزیزواقارب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے کہا کہ آج ہم مادر وطن پر قربان ہونے والے بہادر جوانوں کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے جمع ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر آج پاکستان محفوظ ہے اور ہم رات کو چین کی نیند سوتے ہیں تو اس کی وجہ یہ ہے کہ ان بہادر جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ میں ہمیشہ یہ کہا کرتا ہوں کہ ہمارے اصل ہیروز یہی شہداء اور غازی ہیں اور جو قومیں اپنے شہیدوں کو اور ہیروز کو بھول جاتی ہیں وہ مٹ جاتی ہیں، جب تک دنیا قائم ہے، شہید کا نام ہمیشہ چمکتا رہے گا۔ شہید دنیا میں بھی نام کماتا ہے اور آخرت میں بھی کامیابی ملتی ہے۔ جیسا کہ فرمایا گیا ہے کہ شہید کے خون کا قطرہ زمین پر گرنے سے پہلے اس کی بخشش ہو جاتی ہے، شہید نہ صرف اپنے آپ کو بخشا لیتا ہے بلکہ اپنے عزیز و اقارب کی بھی بخشش کا باعث بنتا ہے۔ کوئی قوم اور کوئی ملک اپنے شہداء کی قربانی کا صلہ پیش نہیں کر سکتا۔ کوئی قوت، دولت یا پیسہ اس قربانی کا نعم البدل نہیں ہو سکتا۔ ہماری ذمہ داری یہ ہے کہ ہم شہداء کے ورثائ‘ بیوائوں، بچوں اور والدین کی دیکھ بھال کریں، جو انشاء اللہ ہم کریں گے لیکن اس کے باوجود میں مانتا ہوں کہ کوئی بھی مراعات یا دیکھ بھال شہید کا متبادل نہیں ہو سکتا۔ شہیدوں کے والدین کو آخری دم تک اپنے بچوں کی یاد آتی ہے، ایک بیوہ جس کا خاوند شہید ہو گیا یا وہ بچے جن کے سروں سے شفقت کا سایہ اٹھ گیا ان کو شہید کی کمی ضرور محسوس ہوتی ہو گی۔ یہ ملک آپ لوگوں کی قربانیوں کی وجہ سے قائم ہے، میں آپ لوگوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ یہ پاک فوج ہی ہے جو ملک کے ہر گوشے میں سیلاب ہو، طوفان ہو، حادثہ ہو، زلزلہ آئے یا کوئی آفت آئے، صبح سے شام تک فوج بتائے بغیر پہنچ جاتی ہے، آج کل بلوچستان کے کچھ علاقوں میں ہیضہ پھیلا ہوا ہے، وہاں پانی کی کمی ہے، فوج مجھے بتائے بغیر وہاں کے لوگوں کی خدمت کر رہی ہے اور پانی مہیا کر رہی ہے۔ ہم اس خدمت پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ شہداء کے ورثاء کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم آپ کو کبھی مایوس نہیں کریں گے۔ دنیا مجھ سے پوچھتی ہے کہ پاک فوج دنیا کی واحد فوج ہے جس نے دہشت گردی کا خاتمہ کیا ہے، آپ نے یہ کیسے کیا ہے، پاکستان میں ایسی کیا خوبی ہے باقی دنیا تو اس میں فیل ہو گئی ہے، تو میرا جواب ہوتا ہے کہ ہمارے پاس ایسی مائیں ہیں جو اپنے لخت جگر، ہمارے پاس ایسی بہنیں ہیں جو اپنے شوہر، ایسے بچے ہیں جو اپنے والد اس ملک پر قربان کرنے کے لئے تیار رہتے ہیں، جب تک ہمارے پاس ایسے مائیں، بہنیں اور بیٹے موجود ہیں تو اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ اللہ کریم آپ سب کو اپنی حفظ و امان میں رکھیں۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آپریشنز کے دوران بہادری کا مظاہرہ کرنے اور قوم کے لیے شاندار خدمات پر فوجی جوانوں کو اعزازات سے بھی نوازا۔ 48 افسروں کو ستارہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا جب کہ7 افسروں،3 جونیئر کمیشنڈ آفیسرز (جے سی اوز) اور 30سپاہیوں کو تمغہ بسالت سے نوازا گیا۔ شہداء کے تمغے ان کے اہل خانہ نے وصول کئے۔ تقریب میں اعلی فوجی افسروں اور ایوارڈز حاصل کرنے والوں کے اہل خانہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔