لاہور (کامرس رپورٹر) ای کامرس کے بین الاقوامی ادارے ایمازون ڈاٹ کام کی ٹیم نے جدید بنیادوں پر استوار آن لائن رئیل اسٹیٹ مارکیٹنگ کمپنی گرانہ ڈاٹ کام ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا جہاں دونوں کمپنیوں کے انتظامی امور کے نمائندگان نے پاکستان کے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کے بڑھتے رجحان کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ ایمزون ڈاٹ کام کی نمائندگی ہیڈ آف سولیوشن آرکیٹیکٹ پال چن اور جنرل مینجر لارنس سی کر رہے تھے جبکہ کاروباری نوعیت کے اس غیر رسمی اجلاس میں گرانہ ڈاٹ کام کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شفیق اکبر‘ گروپ ڈائریکٹر فرحان جاوید اور شریک بانی ارسلان جاوید بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گرانہ ڈاٹ کام کے سی ای او شفیق اکبر کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد رئیل اسٹیٹ سیکٹر کی تبدیلی کے عمل کو تیز کرنا ہے جو کہ صرف ٹیکنالوجی اور اختراعی عمل کے ذریعے ہی ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ گرانہ ڈاٹ کام اپنے وسیع فولیو کے ساتھ اپنے تمام اسٹیک ہولڈرز کے لئے کاروباری مواقع پیدا کرنے میں کوشاں ہے۔ جس کی بنیاد پر رئیل اسٹیٹ منصوبے میں شفافیت اور محفوظ سرمایہ کاری کے مواقع کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ اس موقع پر گروپ ڈائریکٹر فرحان جاوید کا کہنا تھا کہ یہ سب جانتے ہیں کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کے مواقع میں خاطرخواہ اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور ترقی کی منازل کی جانب گامزن اس ماحول میں زندہ رہنے کی لئے ٹیکنالوجی کے استعمال کو یقینی بنانا ناگزیر ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایمزون ڈاٹ کام اور گرانہ ڈاٹ کام کے نمائندگان کے مابین اس ملاقات نے پاکستان میں ٹیکنالوجی پر مبنی انقلاب کی بنیاد ڈال دی ہے۔
ایمازون ٹیم کا گرانہ ڈاٹ کام ہیڈ کوارٹر کا دورہ ،سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال
May 19, 2022