قمبر علی خان(نامہ نگار) عوام کو بغیر کسی تکلیف اور پریشانی کے کمپیوٹرائزڈ کلرڈ ڈومیسائل اور پی آرسیز سرٹیفکیٹ کے جلد اجراء کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر قمبر شہدادکوٹ جاوید نبی کھوسو کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ڈومیسائل رجسٹریشن سینٹر کے ملازمین اور دیگراعلیٰ ریونیو افسران نے شرکت کی اس موقع پر ڈی سی جاوید نبی کھوسو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کلرڈ کمپیوٹرائزڈ ڈومیسائل اور پی آر سیز سرٹیفکیٹ ضروری و اہم سرکاری و ملکی شناخت ہے اس سے پہلے ڈومیسائل بنوانے کیلئے بے شمار قانونی تقاضے عوام کی زندگی کو مسلسل اجیرن بنائے ہوئے تھے عوام کو بے شمار قانونی تقاضے پورا کرنے کیلئے کسی بھی افسرکے دفترمیں جانے کی ہرگز کوئی ضرورت نہیں ہے اس حوالے سے ڈی سی آفیس قمبر میں (ڈومیسائل رجسٹریشن سینٹر ڈی آر سی ) برانچ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس میں عوام کو اب ا پنے ضروری قیمتی کاغذات کسی بھی ایجنٹ کو دینے کی ہرگز کوئی ضرورت نہیں ہے جبکہ ڈومیسائل کے حوالے سے تمام کاغذات کا مکمل سیٹ عوام کو ڈی سی آفیس قمبر سے ملے گا جس کیلئے کسی بھی اسٹامپ وینڈر کے پاس سرکاری دستاویز لینے کی بھی ضرورت نہیں ہے۔ ڈی سی جاوید نبی کھوسو نے مزید کہاکہ درخواست گذار کو اپنے کاغذات کی انکوائری رپورٹ لینے کیلئے ضلع کی متعلقہ تحصیل کے اسسٹنٹ کمشنر اور تحصیل مختیارکار کے دفاتر میں جانے کی بھی ضرورت نہیں ہے۔
اب ڈی سی آفیس قمبر کی متعلقہ برانچ پریہ ذمہ داری عائد کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ دفاتر سے ڈومیسائل کے کاغذات کے انکوائریز رپورٹ خود حاصل کرے نہ کہ لوگوں کو خواہ مخواہ کسی پریشانی ، انتظار اور خرچے میں ڈالے البتہ قومی شناختی کارڈ میں دو مختلف ایڈریس یعنی موجودہ ایڈریس کسی دوسرے ضلع کی جبکہ مستقل ایڈریس ضلع قمبر شہدادکوٹ کی ہونے کی صورت میں تمام معاملے کی انکوائری کرانے اور رپورٹ مثبت آنے کی صورت میں ہی لوگوں کو ڈومیسائل اور پی آر سیز سرٹیفکیٹ جاری کئے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر قمبر شہدادکوٹ جاوید نبی کھوسو کی زیر صدارت اہم اجلاس
May 19, 2022