ملتان،میلسی(سپیشل رپورٹر، تحصیل رپورٹر، نمائندہ نوائے وقت) احتساب عدالت ملتان سے ضمانت خارج ہونے پر ایکسین محکمہ انہار ریاض اختر کو گرفتار کر لیا ہے۔ملتان سے سپیشل رپورٹر کے مطابق ایکسین محکمہ انہار ریاض اختر نے دوران سروس کروڑوں روپے کی زرعی و سکنی اراضی اپنے اور بیوی بچوں کے نام کرائی، ملزم احتساب عدالت سے ضمانت پر تھا ضمانت خارج ہوئی تو اسے گرفتار کیا گیا، نیب ترجمان کے مطابق ملزم سے تفتیش جاری ہے اور اس کے خلاف ناجائز اثاثے بنانے پر جلد ریفرنس عدالت میں دائر کیا جائے گا۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت ملتان نے خاتون کو تیزاب سے جھلسا کر قتل کرنے کے مقدمہ میں ملوث 2 ملزمان کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دیا ہے۔پولیس تھانہ صدر جلالپور ضلع ملتان کے مطابق ملزمان حاجی محمد اختر اور محمد سہیل کے خلاف خاتون حافظہ بی بی کو تیزاب سے جھلساکر قتل کرنے جبکہ کمسن بچے فیصل کی ٹانگ پر بھی تیزاب پھینکا گیا خاتون منہ اور اور جسم پر تیزاب گرنے سے جانبحق ہوگئی تھی۔۔ میلسی سے تحصیل رپورٹر، نمائندہ نوائے وقت کے مطابق علاقہ مجسٹریٹ میلسی محمد مصطفے نے سینئر وکیل مہر عبدالغفور کے قتل کیس میں نامزد ملزمان کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ جاری کر دیا واضح رہے کہ میلسی بار کے سینئر وکیل مہر عبدالغفور کو اس کی بیوی شبانہ پروین، بیٹی شائزہ غفور اور ان کے سابق ڈرائیور سلمان شاہ نے چند ماہ قبل قتل کر کے اس وقوعہ کو خودکشی کا رنگ دیدیا تھا، ، ملزمان کی عبوری ضمانتیں خارج ہونے پر پولیس نے عدالت میں پیش کیا، مجسٹریٹ نے تین روزہ جسمانی ریمانڈ جاری کر دیا۔