مہنگائی ختم کرنے کیلئے ڈی سی کاونٹرز کی تعداد بڑھائی جائے:ثاقب ظفر 

May 19, 2022

ملتان (نمائندہ نوائے وقت )ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن (ر)ثاقب ظفر نے کہاہے کہ مصنوعی مہنگائی کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جائے اور اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کے لئے ڈی سی کاونٹرز کی تعداد بڑھائی جائے۔ عوام کو ہیٹ ویو سے بچنے کے لئے آگہی بھی فراہم کی جائے۔لمپی سکن بیماری سے جانوروں کو بچانے کے لئے ویکسی نیشن اور مانیٹرنگ کا عمل تیز کیاجائے۔انہوں نے یہ بات ڈی سی آفس لیہ کے کمیٹی روم میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ جنوبی پنجاب کے ایڈمنسٹریٹوسیکرٹریز، ڈپٹی کمشنر لیہ، انتظامی افسران اور محکموں کے سربراہان نے اجلاس میں شرکت کی۔کیپٹن (ر)ثاقب ظفر نے  سیکرٹری لائیوسٹاک کو مارکیٹ کا وزٹ کرکے نرخوں کی پڑتال کرنے کی ہدایت کی۔شجرکاری مہم کے سلسلہ میں سکولوں میں لگائے جانے والے پودوں بارے گزشتہ پانچ سال کے اعداد وشمار بھی طلب کرلیے۔ ڈپٹی کمشنر کو لیہ کے مستقبل کے حوالے سے ترقیاتی لائحہ عمل بنانے کی بھی ہدایت کی۔اس موقع پرڈپٹی کمشنر محمد شہبازحسین نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں مقررہ نرخوں پر اشیاء کی فراہمی کے لئے 14ڈی سی کاونٹرز کام کررہے ہیں ،ضلع کی تینوں تحصیلوں میں ریڑھی بازار بھی قائم کئے گئے ہیں۔ گرمی کی لہر سے متاثرہ افراد کو ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے لئے 13ہیٹ ویو  سنٹرزاور 7کیمپ قائم کئے گئے ہیں۔بعد ازاں ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن( ر) ثاقب ظفر نے مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کے زیر تعمیر منصوبے کا بھی معائنہ کیا اور کام کے معیار اور رفتار کا جائزہ لیا۔

مزیدخبریں