ملتان (خبر نگارخصوصی)ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے" صاف پنجاب مہم" کی کامیابی کے لئے کمر کس لی ہے اور شہر کے چار زون کے لئے چار اسپیشل صفائی اسکواڈ تشکیل دے دئیے ہیں۔شہر کے ہر زون میں ایک سپیشل صفائی اسکواڈ کام کرے گا جسے ہیوی لوڈر اور ٹریکٹر ٹرالیوں کی مدد بھی فراہم کر دی گئی ہے۔ کمپنی کے سی ای او محمد فاروق ڈوگر نے "صاف پنجاب مہم" کا جائزہ لینے کے لئے شہر کا دورہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ہر زون میں روزانہ ایک یونین کونسل کو زیرو ویسٹ کرنے کی حکمت عملی کا آغاز کردیا ہے۔متعلقہ یونین کونسل میں معمول کی صفائی پر معمور ورکرز بھی صفائی اسکواڈ کی مدد کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ اہم چوکوں اور شاہراہوں کی پانی سے دھلائی بھی کی جائے گی اور اس کا آغاز ہائیکورٹ چوک کی واشنگ سے کردیا گیا ہے۔واشنگ سرگرمیوں سے صفائی کے علاوہ گرمی کی جاری لہر کے دوران ماحول کو خوشگوار بنانے میں بھی مدد ملے گی۔