لاہور اسلام آباد شیخوپورہ پشاور (خبر نگار+ وقائع نگار+ نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے شاہ محمود قریشی کی گرفتاری کو کالعدم قرار دیا ہے۔ دوسری طرف پشاور ہائیکورٹ نے تین ایم پی او کیخلاف محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے 3 ایم پی او کو معطل کر دیا اور اس کے تحت گرفتار 150 افراد کو رہا کر دیا گیا۔ پولیس نے آرمی ایکٹ کے تحت درج مقدمات کی تفتیش فوج کے حوالے کرنے کی تیاری کرلی۔ ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں جی ایچ کیو پر حملہ کرنے کا مقدمہ آرمی ایکٹ کے تحت چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ مقدمے میں گرفتار ملزمان کو بھی فوج کے حوالے کیا جائے گا۔ ادھر پنجاب پولیس نے لاہور کور کمانڈر ہاﺅس میں توڑ پھوڑ میں ملوث خواتین سے متعلق 3مختلف کیٹیگریز پر مشتمل فہرست تیار کرلی۔ ذرائع کے مطابق فہرست ٹیکنیکل اور انٹیلی جنس ذرائع سے تیار کی گئی ہے جس میں وہ خواتین شامل ہیں جو 9مئی کو کور کمانڈر ہاﺅس کے اندر اور باہر موجود تھیں۔ حکومت پنجاب سے منظوری کے بعد ان خواتین کی گرفتاری کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی عدالت نے شاہ محمود قریشی کی نظر بندی کا حکم کالعدم قرار دیتے ہوئے فوری رہائی کا حکم دے دیا۔ گذشتہ روز سماعت کے دوران شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی اپنے وکلاء فائزہ اسد ملک اور تیمور ملک کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ تیمور ملک ایڈووکیٹ نے کہا کہ ملیکہ بخاری کو اس عدالت نے رہا کیا اور پھر اڈیالہ جیل کے باہر سے گرفتار کر لیا گیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن کی عدالت نے توڑ پھوڑ کیسز میں نامزد پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت واپس لیے جانے پر نمٹا دی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی عدالت نے شیریں مزاری کی گرفتاری سے متعلق درخواست میں کہا ہے کہ مناسب آرڈر جاری کریں گے۔ ایمان مزاری ایڈووکیٹ نے اپنی والدہ شیریں مزاری کی گرفتاری پر سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔ گذشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں کہاگیا ہے کہ 17 مئی کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے شیریں مزاری کو گرفتار کرنے سے روکا تھا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کے باوجود شیریں مزاری کو گرفتار کیا گیا، شیریں مزاری کی گرفتاری غیر قانونی، بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی عدالت نے نظربند پی ٹی آئی کے چیف الیکشن کمشنر جمال انصاری کی رہائی کا حکم دے دیا۔ فواد چودھری نے مقدمات کی تفصیلات اور حفاظتی ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔ عمران خان کی گرفتاری کے بعد پرتشدد احتجاج اور راولپنڈی کے سکستھ روڈ میٹرو سٹیشن کو جلانے کا مقدمہ مفں انسداد دہشتگردی عدالت نے سابق صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کی ضمانت میں 7 روز کی توسیع کرتے ہوئے سماعت 25 مئی تک ملتوی کر دی۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر عباس سپرا کی عدالت میں زیر سماعت عمران خان کے خلاف خاتون جج دھمکی کیس میں وکلاء کی عدم دستیابی کے باعث سماعت ملتوی کر دی گئی۔ کیس کی سماعت 23 مئی ملتوی کر دی۔ پشاور ہائیکورٹ نے تین ایم پی او کے تحت گرفتار ملزمان کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ عدالت عالیہ نے تین ایم پی او کے تحت گرفتاری کے خلاف درخواستیں منظور کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے جاری کردہ تین ایم پی او کا اعلامیہ معطل کر دیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی عدالت نے پی ٹی آئی رہنماو¿ں جمشید چیمہ اور مسرت چیمہ سے وکلاء کی ملاقات کیلئے اجازت دے دی۔ گذشتہ روز سماعت کے دوران وکیل تیمور ملک، فائزہ ملک اور ملک ریاض عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا گیا کہ ہمیں عدالت کے حکم کے باجود ان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ ادھر انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما میاں محمود الرشید کے جسمانی ریمانڈ میں سات روز کی توسیع کر دی۔ انسداد دہشتگردی عدالت لاہور کی جج عبہر گل خان نے سماعت کی۔ محمود الرشید کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد دوبارہ عدالت میں پیش کیا گیا۔ انسداد دہشتگردی عدالت نے جناح ہاو¿س پر حملہ اور جلاﺅ گھیراﺅ کیس میں ڈاکٹر یاسمین راشد کی بیماری کے باعث جسمانی ریمانڈ موخر کرتے ہوئے ایم ایس سروسز کو 22 مئی کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہا¶س پر حلہ کرنے، توڑ پھوڑ کرنے اور جلا¶ گھیرا¶ مقدمہ میں ملوث ملزمہ عالیہ حمزہ ملک، مریم مزاری، صبوحی انعام کو شناخت پریڈ کیلئے سات روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ عسکری ٹاور پر حملہ کیس میں پولیس نے بارہ پی ٹی آئی کارکنان کو جیل سے انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کر دیا۔ عدالت نے شناخت پریڈ مکمل ہونے کے سات روز کیلئے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ تھانہ ریس کورس نے 8 پی ٹی آئی کارکنان کو عدالت میں پیش کیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے سماعت کی تفتیشی افسر انسپکٹر اکمل نے ملزمان کو پیش کیا تفتیشی افسر نے ملزمان کی شناخت پریڈ کرانے کی استدعا کی عدالت نے ملزمان کو شناخت پریڈ کیلئے سات روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ شیخوپورہ میں ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ نے 16 ایم پی او کے تحت گرفتار کئے گئے 51 کارکنان کی رہائی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
پی ٹی آئی، گرفتار، رہا
شاہ محمود کی گرفتاری کا لعدم ، پشاور ہائیکورٹ نے 3 ایم پی او معطل کردیا ،150 افراد رہا
May 19, 2023