وزیر ستان‘ لکی مروت‘ باجوڑ (آئی این پی‘ نوائے وقت رپورٹ) شمالی وزیرستان میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ کے نتیجے میں زیرِ حراست 4دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق نامعلوم افراد نے ملزمان کی بنوں منتقلی کے دوران فائرنگ کی۔ سی ٹی ڈی ذرائع نے بتایا کہ ملزمان اور فورسز میں فائرنگ کے تبادلے میں ایک سکیورٹی اہلکار زخمی ہوا ہے۔ سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا تھا کہ سرچ آپریشن کے دوران ایک حملہ آور کی لاش بھی ملی ہے۔ سی ٹی ڈی ذرائع نے بتایا کہ ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز پر حملوں، ٹارگٹ کلنگ اور دیگر جرائم میں مطلوب تھا۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق باقی دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ لکی مروت میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے انتہائی مطلوب دہشت گرد ہلاک ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم عمر حیات اغوا‘ بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کے 11 مقدمات میں مطلوب تھا۔ عمر حیات کزن کے ساتھ موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ فائرنگ کا نشانہ بنا۔ فائرنگ سے دہشت گرد عمر حیات ہلاک اور کزن زخمی ہو گیا۔ مقدمہ درج کر لیا گیا۔ حملہ آور فرار ہوگئے۔ باجوڑ میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی شہید ہو گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردی کا واقعہ باجوڑ کے علاقے لوزم میں پیش آیا۔ سکیورٹی فورسز نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے ایک ہشت گرد کو بھی واصل جہنم کر دیا۔ شہید ہونے والے 25 سالہ سپاہی شفیق الرحمن کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے تھا۔ آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ دہشت گردوں کو ختم کرنے کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری رہے گا۔ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
شمالی وزیرستان ، لکی مروت میں نا معلوم افراد کی فائرنگ ،4 زیرحراست دہشت گردوں سمیت 6 ہلاک
May 19, 2023