فرار ہوتے 8 حملہ آور گرفتار : سیاسی جماعت کی دہشت گردی کے ثبوت الیکشن کمشن کے حوالے : پنجاب حکومت 

اسلام آباد لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اورالیکشن کمشن کے ممبران نے آج وزیر اعلی آفس میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے ملاقات کی۔ چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ کا وزیر اعلی آفس آمد پر نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے خیر مقدم کیا۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب اور چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا بریفنگ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے شرکا نے 9 مئی کے دہشت گردی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور پاک فوج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہارکیا۔ چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کوایک سیاسی جماعت کے 9 مئی کے دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد پیش کئے گئے۔ بریفنگ اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کو تصاویر، ویڈیوز اور میسجنگ کے ثبوت بھی پیش کئے گئے۔ نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کو ایک سیاسی جماعت نے پوری پاکستانی قوم کو شرمسار کیا۔ عسکری تنصیبات پر حملے باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کئے گئے۔ جیو فینسنگ کے ذریعے حملہ آوروں اور زمان پارک میں موجود سیاسی لیڈرشپ کے درمیان رابطوں کے ثبوت سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کی آڑ میں گھناو¿نا کھیل کھیلا گیا اور ابتدائی تخمینے کے مطابق 600 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی قیادت میں پنجاب حکومت نے موجودہ صورتحال کے تناظر میں عوام کے تحفظ کیلئے بہترین اور جراتمندانہ اقدامات کئے ہیں۔ ہم پنجاب حکومت کی ٹیم سے مطمئن ہیں، وہ اپنے فرائض ایمانداری سے ادا کر رہی ہے۔ الیکشن کمشن کا مقصد آزادانہ، منصفانہ اور پرامن عام انتخابات کو یقینی بنانا ہے۔ ہمارا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں اور نہ کوئی سیاسی مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کے لئے سکیورٹی اقدامات کا دوبارہ جائزہ لیں گے۔ الیکشن کمیشن پنجاب حکومت کو فری اینڈ فیئر الیکشن کے لئے ہرممکن سپورٹ کرے گا۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ کو کسی بھی دباو¿ میں آنے کی ضرورت نہیں، ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ اجلاس میں پنجاب میں عام انتخابات کے انعقاد کے موجودہ حالات کے تناظر میں سکیورٹی انتظامات پر از سر نو نظرثانی کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے 9 مئی کو جناح ہاو¿س اور دیگر عسکری تنصیبات پر حملوں کی تفصیلات سے چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کو آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں پنجاب حکومت نے آج کمشنر لاہور کو زمان پارک بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں بتایا کہ کمشنر لاہور کی سربراہی میں وفد زمان پارک جائے گا۔ آج ٹی وی کیمروں کی موجودگی میں زمان پارک کی تلاشی لی جائے گی زمان پارک میں 4 نہیں 40 دہشتگرد ہیں۔ آج کم از کم 400 پولیس اہلکار زمان پارک جائیں گے۔ گزشتہ روز فرار ہونے والے 8 دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا۔ زمان پارک سے نکلنے کی کوشش میں دہشتگرد پکڑے گئے۔ جناح ہا¶س کے باہر تین ہزار سے زائد افراد موجود تھے۔ پکڑے جانے والوں کے بارے میں ثابت ہوا کہ یہ زمان پارک میں تھے، ہو سکتا ہے مزید کچھ لوگ بھاگنے کی کوشش کریں۔ الٹی میٹم دینے پر زمان پارک سے لوگ نکلنا شروع ہو گئے تھے۔ خان صاحب کے لطیفوں پر غور کرنا چھوڑ دیں، پنجاب حکومت عمران خان کو گرفتار کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔ عمران خان کے گھر سے ملحقہ گھروں میں بھی مطلوبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع ہے۔ عمران خان بچگانہ باتیں کر رہے ہیں، بونگیاں مار رہے ہیں۔ عمران خان کو مشورہ ہے کہ اپنی گرفتاری کا شور نہ کریں کوئی واقعی پکڑنے آ جائے گا۔ سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) حسن جاوید کا کہنا ہے کہ زمان پارک سے فرار ہونے والے 8 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ مصدقہ اطلاعات تھیں کہ 30 سے 40 لوگ زمان پارک کے اندر موجود ہیں، 8مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے جو نہر کے راستے فرار کی کوشش کر رہے تھے۔ ایس ایس پی حسن جاوید نے کہا کہ ابھی بھی اطلاعات ہیں کہ زمان پارک میں شر پسند موجود ہیں، زمان پارک پر آپریشن سے متعلق حتمی فیصلہ اعلیٰ افسران کے حکم پر ہوگا۔ ایس ایس پی حسن جاوید نے مزید کہا کہ اور لوگ بھی فرار کی کوشش کرتے ہیں لیکن پولیس کو دیکھ کر واپس چلے جاتے ہیں، پکڑے جانے والے 8 مشتبہ افراد سے تفتیش جاری ہے۔ نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے تصدیق کردی ہے کہ زمان پارک سے نکل کر نہر کے راستے فرار ہوتے پکڑے جانے والے 8 افراد کور کمانڈر ہاو¿س پر حملے میں ملوث نکلے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کو دی جانے والی مہلت ختم ہو گئی جس کے پیش نظر سکیورٹی ادارے الرٹ ہیں گزشتہ روز نگران وزیرا طلاعات عامر میر نے عمران خان کو زمان پارک میں موجود افراد کو پولیس کے حوالے کرنے کیلئے 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا تھا کہ لاہور میں عسکری تنصیبات پر حملہ کرنے والے 30 سے 40 افراد زمان پارک میں عمران خان کی رہائش گاہ میں پناہ لئے ہوئے ہیں اور اگر آئندہ 24 گھنٹوں میں انہیں پولیس کے حوالے نہیں کیا گیا تو کارروائی ہو گی۔ پنجاب حکومت کی جانب سے دی جانے والی ڈیڈ لائن ختم ہو گئی ہے جس کے پیش نظر پولیس کو الرٹ رکھا گیا ہے اور زمان پارک کے راستے بند۔ نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے حالیہ واقعات اور فوجی تنصیبات پر حملوں کے حوالے سے کیسوں میں ناقص پیروی کرنے پر سیکرٹری پراسکیوشن کو فوری طور پر تبدیل کرنے کا حکم دیا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پولیس لائنز فیصل آباد میں شرپسندوں کے حملوں سے زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں سے ملاقات کی۔ محسن نقوی نے پولیس اہلکاروں کی خیریت دریافت کی اور ان کے بلند حوصلے کو سراہا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس کے بہادرسپوتوں نے جس تحمل کا مظاہر ہ کیا وہ قابل تحسین ہے۔ پولیس کے افسروں اورجوانوں نے فرض شناسی کی عمدہ مثال قائم کی۔ قوم کو آپ پر فخر ہے، جنہوں نے سیاسی جتھے کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت پولیس لائنز اورکمشنر آفس فیصل آباد میں اعلیٰ سطح کے اجلاس منعقد ہوئے نگران وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام شرپسندوں کو جتنی جلدی ہوسکے قانون کی گرفت میں لایا جائے انہوں نے کہا کہ شرپسندوں کے سہولت کاروں اور ماسٹر مائنڈکو بھی قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن