اسلام آباد (نامہ نگار) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم )کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ جب سویلین عدالتوں کا کردار یہ ہوگا اور فوجی تنصیبات پر حملے ہوں گے تو آرمی ایکٹ تو حرکت میں آئے گا۔60 امریکی ارکان پارلیمنٹ نے امریکی وزیر خارجہ کو خط لکھا ہے کہ پاکستان میں عمران خان کے خلاف ہونے والے اقدامات پر اسے تحفظ فراہم کیا جائے۔ ان امریکی ارکان کی زیادہ تر تعداد یہودی ہے۔ جو کل تک خط لہرا رہا تھا کہ امریکہ سازش کررہا ہے آج اس کے یہودی لابیئسٹ خط لکھ رہے ہیں اور ملک کے معاملات میں براہ راست مداخلت ہورہی ہے۔ واضح ہوگیا ہے کہ یہ کس کا ایجنٹ ہے اور کس کے ایجنڈے پر کام کررہا ہے۔ ریاست کو تباہ کرنے کا ایک خاص ایجنڈا ہے اور عمران خان کو اس کی تکمیل کے لئے انجیکٹ کیا گیا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 9 اور 10 مئی کو ملک کے طول و عرض میں مظاہرے دیکھے گئے، کیسے اداروں پر حملے کئے گئے۔ پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ آج امریکی کانگریس کے ساٹھ ارکان نے عمران خان کے تحفظ کے لئے خط لکھا ہے۔ کل تک عمران خان امریکہ کا خط لہرا رہا تھا۔ آج یہودیوں کے کانگریس میں انکی واضح تعداد بتا رہی ہے کہ یہ کس کا ایجنٹ ہے۔ پاکستان کو ایک خاص منصوبے کے تحت بین الاقوامی ایجنڈے میں پاکستان کو تباہ کرنے کے لئے اسے لایا گیا۔ نو، دس مئی کو واقعات اس بات کی گواہی دے رہے ہیں۔ بلوائیوں نے فوجی تنصیبات پر حملے کئے۔