بھارت گروپ 20 اجلاس کے ذریعے غیر قانونی اقدامات کو جائز ٹھہرانا چاہتا : حریت کانفرنس 

May 19, 2023

سرینگر (اے پی پی)بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر نائب چیئرمین غلام احمد گلزار نے کہا ہے کہ گروپ20 رکن ملکوں کی اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ متنازعہ خطے میں منعقد ہونے والے فورم کے اجلاس میں شرکت نہتے کشمیر ی عوام پر بھارتی مظالم کی حمایت کے مترادف ہے لہذا کشمیری امید کرتے ہیں کہ انسانی حقوق کی بالادستی پر یقین رکھنے والے ملک کشمیریوں کے رستے ہوئے زخموں پر نمک نہیں چھڑکیں گے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غلام احمد گلزار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ توقع ہے کہ گروپ20ممالک بھارت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری سنگین جرائم میں حصہ دار نہیں بنیں گے اور معاشی فوائد پر انسانی تکریم اور وقار کو ترجیح دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت گروپ 20اجلاس کے ذریعے مقبوضہ علاقے میں اپنے غیر قانونی اقدامات ، کارروائیوںکو جائز ٹھہرانا چاہتا ہے اور دنیا کو یہ باور کرانا چاہتا ہے کہ کشمیر میں حالات ٹھیک ہیں۔ انہوںنے کہا کہ فورم کے ملکوں کو چاہیے کہ وہ مذموم بھارتی عزائم کا ادارک کرتے ہوئے اجلاس کا بائیکاٹ کریں۔غلام احمد گلزار نے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ کل جماعتی حریت کانفرنس کی طرف سے دی جانے والی ہڑتال کی کال کو بھر پور طریقے سے کامیاب بنائیں۔بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے نریندر مودی کی زیر قیادت ہندو توا بھارتی حکومت کی طرف سے سرینگر میں گروپ 20 اجلاس کے خلاف 22 مئی کو مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال کی کال کا اعادہ کیاہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی طرف سے دی جانے والی ہڑتال کی کال کی آزاد جموں و کشمیر کی حکومت اور تمام سیاسی جماعتوں نے حمایت کی ہے ۔ کشمیری تارکین وطن برطانیہ اور امریکا سمیت عالمی دارالحکومتوں میں بھارت مخالف احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے کریں گے۔ اقوام متحدہ کے اقلیتی امور کے خصوصی نمائندے فرننڈس ویرنس نے بھی اپنے ایک غیر معمولی بیان میں کہا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں جی 20کے اجلاس کے انعقاد کے بھارتی اقدام کا بنیادی مقصد جموںوکشمیر پر بھارتی قبضے کو قبولیت دینا ہے۔نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قےدکل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ کے سری نگر میں گھر پر چھاپہ مارا گےاہے ۔بھارتی فوج نے سرینگر میں شبیر احمد شاہ کے گھر پر چھاپے کے دوران اہلخانہ کو شدید ہراساں کیا اور گھریواشیا کی توڑ پھوڑ کی۔دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں شبیر احمد شاہ کے گھر پر بھارتی فوجیوں کے چھاپے کی شدید مت کرتے ہوئے کہا کہ نظر بند حریت رہنماں کے گھروں پر چھاپے اور اہلخانہ کو خوفزدہ کرنا بھارتی فوجیوںکا معمول بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کی ان کارروائیوں کا مقصد کشمیر میں خوف وہشت کا ماحول پیدا کرنا ہے۔ انہوںنے کہا کہ مودی حکومت نے متنازعہ خطے میں گروپ 20اجلاس سے قبل جبر واستبداد کی کارروائیوں میں تیزی لائی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ گروپ20اجلاس کے حفاظتی اقداما ت کی آڑ میں نہتے کشمیریوں پر بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم فورم کے رکن ملکوں کیلئے چشم کشا ہیں ۔ محمود احمد ساغر نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ علاقے بھارتی فورسز کی بڑھتی ہوئی چیرہ دستیوں کا نوٹس لیں۔

مزیدخبریں