لاہور (کلچرل رپورٹر) پنجاب پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر طارق کلیم کا کہنا ہے کہ پروموشن رینج میں آنے والے اسسٹنٹ پروفیسرز کے ورکنگ پیپرز تیار ہیں۔ سیٹیں خالی ہیں لیکن یہ ورکنگ پیپرز سلیکشن بورڈ کو نہیں بھیجے گئے۔ پچھلے سال سلیکشن بورڈ جن اسسٹنٹ پروفیسرز اور ایسوسی ایٹ پروفیسرز کی پروموشن کی سفارشات جاری کرچکا ہے ان لوگوں کے آرڈرز تاحال جاری نہیں ہوئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب حکم دے چکے ہیں کہ پروموشن رینج میں آنے والے تمام سرکاری ملازمین کو جلد از جلد ترقی دینے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے تاہم محکمہ اعلیٰ تعلیم اس سلسلے میں کام کو آگے نہیں بڑھا رہا۔ یہ رواج بن گیا ہے کہ جب تک سٹرکوں پر احتجاج نہ کیا جائے اس وقت تک کوئی بات نہیں سنتا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کو اس معاملے کا نوٹس لینا چاہیے۔