لاہور(کامرس رپورٹر )ملک میں سیمنٹ بنانے والی کمپنی لکی سیمنٹ نے عراق میں کلنکرکی پیداواری صلاحیت میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کے مطابق عراق میں سیمنٹ کی بڑھتی ہوئی طلب، اقتصادی سرگرمیوں کی بحالی اور تعمیراتی منصوبوں میں اضافے کی وجہ سے لکی سیمنٹ اور الشموخ گروپ کی جوائنٹ وینچرکمپنی نجمت السماوہ Najmat-Al-Samawah (NAS)نے کلنکر کی اضافی لائن کی پیداوری صلاحیت میں توسیع کا فیصلہ کیاہے۔ اس توسیع سے کلنکر کی پیداواری صلاحیت میں سالانہ 1.82ملین ٹن کا اضافہ ہوگاجس سے نہ صرف عراق میں بڑھتی ہوئی سیمنٹ کی طلب کو پورا کرنے بلکہ بصرہ،عراق میں قائم کردہ جوائنٹ وینچر سیمنٹ گرائنڈنگ کمپنی کو کلنکر کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لکی سیمنٹ کے عزم کو تقویت ملے گی۔کمپنی سے جاری اعلامیئے کے مطابق نجمت السماوہ(NAS) نے حال ہی میں توسیعی منصوبے کیلئے انجینئرنگ اور پروکیورمنٹ کا معاہدہ بھی کیا ہے اور توقع ہے کہ سال 2024کی پہلی سہ ماہی میں اضافی لائن کی تعمیر مکمل کرلی جائے گی۔اس نئی کلنکر لائن کی شمولیت سے لکی سیمنٹ کی ملکی اور بین الاقوامی مجموعی پیداواری صلاحیت بڑھ کر 21.48ملین ٹن سالانہ تک پہنچ جائے گی۔ اعلامیئے میں کہا گیا ہے کہ اسٹرٹیجک صلاحیت میں توسیع لکی سیمنٹ کی انٹرپرینیورشپ کی بنیادی قدر کے عین مطابق ہے،کیونکہ کمپنی اپنی مصنوعات اور کاروبا ر کے پورٹ فولیو کو متنوع بنانا چاہتی ہے۔سیمنٹ آپریشنز کے علاوہ لکی سیمنٹ کے پاس مختلف کاروبار کاوسیع پورٹ فولیوہے جس میں آٹو موبائلز، کیمیکلز، ایگری سائنسز، موبائل فون اسمبلنگ، پاور پلانٹس اور توانائی کے شعبے شامل ہیں۔
لکی سیمنٹ کا عراق میں کلنکرکی پیداواری صلاحیت میں اضافے کا اعلان
May 19, 2023