روس کا یوکرائن کے پیٹریاٹ سسٹم کے 5 لانچر تباہ کرنے کا دعوی

May 19, 2023

ماسکو(این این آئی)روسی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ کنجال میزائل نے 16 مئی کو کیف میں امریکی "پیٹریاٹ" ایئر ڈیفنس سسٹم کے 5 لانچرز اور ریڈار یونٹ کو نشانہ بنایا، جس سے وہ مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔روسی ایجنسی کے مطابق وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا کہ تصدیق شدہ اور قابل اعتماد اعداد و شمار کے مطابق 16 مئی کو کیف شہر میں ہائپرسونک "کنجال" میزائل کے ساتھ فضائی حملے کے نتیجے میں ایک ملٹی فنکشنل، سسٹم کا ریڈار سٹیشن، اور 5 امریکی ساختہ پیٹریاٹ میزائل لانچرز تباہ ہوگئے۔یہ بات اس وقت سامنے آئی ہے جب ایک امریکی اہلکار نے روز قبل اس بات کی تصدیق کی تھی کہ یوکرین کو فراہم کیے جانے والے "پیٹریاٹ" فضائی دفاعی نظام میں سے ایک کو نقصان پہنچا ، لیکن وہ ابھی تک کام کررہا ہے۔اہلکار نے جس نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پربتایا کہ پیٹریاٹ سسٹم ابھی بھی فعال ہے۔ اس سے کچھ فاصلے پر گرنے والے ایک غیر متعینہ پروجیکٹائل سے کتنا نقصان پہنچا ہے، اس کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔ یوکرینی فضائیہ کے ترجمان یوری اگناٹ نے بتایا کہ پریشان ہونے کی کوئی بات نہیں، پیٹریاٹ سسٹم کے ساتھ سب کچھ ٹھیک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیٹریاٹ سسٹم سروس میں ہے اور کام کر رہا ہے اور سب کچھ ٹھیک ہے۔یوکرین نے مبینہ طور پر اپریل کے وسط میں اعلان کیا تھا کہ اسے پہلا امریکی پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم ملا ہے۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے دسمبر میں یوکرینی صدر کے دورہ واشنگٹن کے دوران اپنے ہم منصب ولادیمیر زیلنسکی سے اس سسٹم کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا۔

مزیدخبریں