لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کی سپریم کورٹ سے ضمانت پر رہائی کے احکامات ملنے پر عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس عہد کا اعادہ کیا کہ جماعت اسلامی نہ صرف گوادر اور بلوچستان کے عوام بلکہ ہر مظلوم پاکستانی کے حق کے لیے آواز اٹھاتی رہے گی۔ جماعت اسلامی نے آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے جدوجہد کی اور سرخرو ہوئی۔ انصاف ملنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان آئینی، سیاسی اور معاشی بحرانوں میں بری طرح پھنس کر جل رہا ہے۔ دنیا تماشا دیکھ رہی ہے اور اسے غیر محفوظ قرار دیا جا رہا ہے۔ سارا فساد پی ڈی ایم ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کی مفادات اور ذاتیات کی سیاست نے برپا کیا، استحصالی نظام تینوں کی سیاست کا نتیجہ ہے۔ انھوں نے مل کر کشمیر کا سودا کیا، ملک کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کا غلام بنایا، یہ سو سال بھی اقتدار میں رہیں تو ملک ترقی نہیں کرے گا۔ امیر جماعت نے مولانا ہدایت الرحمن کی رہائی پر گوادر کی عوام، جماعت اسلامی کے قائدین، کارکنان اور بالخصوص جے آئی یوتھ کو مبارکباد دی۔ انھوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی بری طرح ایکسپوز ہو چکیں اور ڈلیور کرنے میں مکمل ناکام ہوگئی ہیں۔ جماعت اسلامی کے کارکنان عوام کے پاس اس پیغام کے ساتھ جائیں کہ ملک کے موجودہ مسائل کا حل صرف جماعت اسلامی ہے۔ قوم اگر کرپشن فری، ترقی یافتہ جدید اسلامی فلاحی پاکستان چاہتی ہے تو جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی نے آئی ایم ایف کے حکم پر حکومت کی جانب سے گیس میٹروں کے ماہانہ کرایہ کو 40 روپے سے بڑھا کر 516 روپے کرنے کے فیصلہ کو بھی اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ انشاء اللہ اس ناجائز اضافہ کو بھی واپس کروا کے عوام کو خوشخبری دیں گے۔