لاہور(کامرس رپورٹر )صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے ایکسپو سنٹر جوہر ٹاون میں 3 روزہ چھٹی آئی ایس ای ایم سولر کانفرنس و نمائش کا افتتاح کیا۔ نمائش میں انٹرنیشنل سولر کمپنیوں نے 100سے زائد سٹال لگا رکھے ہیں۔ صوبائی وزیر نے افتتاح کے بعد سٹالز کا معائنہ کیا اور سولر مصنوعات کا مشاہدہ کیا۔ چوہدری شافع حسین نے میڈیا سے گفتگو میںکہا کہ سولر انرجی کے فروغ کے حوالے سے نمائش کا انعقاد اچھی کاوش ہے۔ سولر انرجی کا فروغ حکومت کا فوکس ہے۔ کوشش ہے کہ اسی سال یہاں سولر مینوفیکچرنگ کا کارخانہ لگے۔ اس حوالے سے متعدد غیر ملکی سولر کمپنیوں سے سودمند بات چیت ہوئی ہے۔ سولر پینلز کی تیاری کے حوالے سے ٹیکسوں میں کمی کیلئے وفاقی حکومت سے بھی بات چیت جاری ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کی انڈسٹری کو سولر انرجی پر منتقل کریں گے۔پیداواری لاگت کم کرنے کا واحد حل سولر انرجی ہے۔ اگرچہ آئی پی پیز نے انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کی ہے تاہم اب انہیں بھی سولر انرجی پر آنا ہوگا۔ انڈسٹریل سٹیٹس میں پلاٹ کے حصول کے بعد 2سال کے اندر کارخانہ لگانا ضروری ہے۔