افغانستان میں فائرنگ، مقامی شہری اور 3 غیر ملکی سیاح ہلاک

بامیان (نوائے وقت رپورٹ) افغانستان کے صوبے بامیان میں مسلح افراد کی فائرنگ سے تین غیر ملکی سیاح اور ایک مقامی شہری جاں بحق جبکہ سات زخمی ہو گئے۔ وزارت داخلہ کے ترجمان عبدالمتین قائمی کے مطابق فائرنگ سے جاں بحق اور زخمی ہونے والے غیر ملکیوں کی شہریت اور شناخت فوری طور پر نہیں ہو سکی اور حملہ آوروں سے متعلق بھی واضح نہیں ہو سکا۔ تاہم چار افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ خیال رہے کہ بامیان یونیسکو کے تاریخی ورثے کے مراکز میں سے ایک ہے اور یہاں بدھا کے دو تاریخی مجسمے موجود ہیں، جس سے طالبان نے اپنے پہلے دور اقتدار کے دوران 2001ء میں اڑا دیا تھا۔ طالبان کے 2021ء میں افغانستان حکومت سنبھالنے کے بعدملک میں سکیورٹی کی صورت حال میں بڑی حد تک بہتری آئی، جس کے نتیجے میں غیرملکی سیاحوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور بدھا کے مجسمے دیکھنے کے لیے ٹکٹوں کی فروخت میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن