لاہور(نیوز رپورٹر)دنیا کے دیگر ممالک کی طرح 18 مئی کو محکمہ آثار قدیمہ پنجاب کے زیر اہتمام بھی انٹرنیشنل میوزیم ڈے کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ ورلڈ میوزیم ڈے کا اس سال کا تھیم تھا ’’عجائب گھر برائے تعلیم و تحقیق‘‘۔ ڈائریکٹر جنرل آرکیالوجی پنجاب ظہیر عباس ملک کی ہدایت پر ایک روز کیلئے محکمے کے زیرانتظام تمام میوزیمز میں شہریوں کو مفت داخلہ فراہم کیا گیا۔ ماہرین آثار قدیمہ نے قصور، ٹیکسلا، کلرکہار، گجرات، اقبال میوزیم سیالکوٹ اور اقبال میوزیم لاہور آنے والے شائقین کو گائیڈ کی مفت سہولت مہیا کی۔ شہریوں کو نوادرات کے پس منظر کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں۔ دریں اثناء انٹر نیشنل میوزیم ڈے کے موقع پر لاہور عجائب گھر کے زیراہتمام تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ لاہور عجائب گھر نے انٹرنیشنل کونسل آف میوزیمز کے تھیم ’’ریسرچ اور تعلیم ‘‘کے موضوع پر ایک روزہ کانفرنس کا انعقاد کیا۔
انٹرنیشنل میوزیم ڈے: محکمہ آثار قدیمہ پنجاب کے زیراہتمام تقریبات ،داخلہ مفت
May 19, 2024