لاہور(کامرس رپورٹر ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ازبک ٹیکسٹائل پروفیشنلز بشمول انجینئرز، سٹیک ہولڈرز اور صنعت کاروں کو تربیت فراہم کرنے پر اپٹما کی قیادت کو سراہا ہے، جس کا مقصد ان کی مہارت اور آپریشنل دائرہ کار کو بڑھانا ہے۔ وہ گزشتہ روز لیک سٹی میں اپٹما کی جانب سے تربیتی پروگرام کے شرکاء کیلئے استقبالیہ سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے اسے اپٹما کی جانب سے بین الاقوامی صنعتی تعاون کو فروغ دینے کیلئے ایک اہم اقدام قرار دیا۔ اپٹما کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے گورنر پنجاب کو نالج بیسڈ ایکسچینج/ٹریننگ پروگرام کے ازبک شرکاء کو شیلڈز پیش کرنے پر خوش آمدید کہا۔ فیصل آباد میں نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی کے تعاون سے اپٹماکی طرف سے کی گئی اس ہفتہ بھر کی تربیت میں ازبکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کے پیشہ ور افراد کو بااختیار بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ چیئرمین اپٹما نارتھ کامران ارشد نے کہا کہ یہ پروگرام ازبک ٹیکسٹائل پروفیشنلز بشمول انجینئرز، اسٹیک ہولڈرز اور صنعت کاروں کیلئے تیار کیا گیا ہے جس کا مقصد ان کی مہارت اور آپریشنل دائرہ کار کو بڑھانا ہے۔ منعقد ہونیوالی اس تربیت میں ٹیکسٹائل مصنوعات، عمل، مارکیٹنگ کی حکمت عملی، GSP+ تعمیل کی ذمہ داریوں اور مزید کے اہم پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا۔
گورنر پنجاب نے ازبک ٹیکسٹائل پروفیشنلز کو تربیت فراہمی پر اپٹما کی قیادت کو سراہا
May 19, 2024