لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ خیبرپی کے حکومت وہی کرے گی جو وفاق کہے گا۔ خیبر پی کے تیس مار خان ہے، علی امین گنڈا پور ہوائی فائرنگ کر رہا ہے کرنا کچھ بھی نہیں، اگر پی ٹی آئی سے اسٹیبلشمنٹ بات کرنا چاہتی ہے تو کرے ہم نے کب روکا ہے، پی ٹی آئی کا جھگڑا شروع سے ہی اسٹیبلشمنٹ سے ہے۔ پی ٹی آئی اپنے دور حکومت میں اپوزیشن کو ختم کرنا چاہتی تھی، جب ان کا اسٹیبلشمنٹ نے ساتھ نہ دیا تو کہنے لگے کہ میر جعفر اور میر صادق ہیں، پی ٹی آئی کا جھگڑا یہی ہے اسٹیبلشمنٹ ملکی نظام و سیاست میں مداخلت کرے۔ عمران خان کی تصویر دیکھ کر لگ رہا ہے جیل میں سب کچھ مل رہا، ممنوعہ چیز بھی مل رہی ہے۔ علی امین گنڈا پور کے پاس کرنے کو کچھ نہیں جو اثاثے انہوں نے نو مئی کو تباہ کئے وہ سارے پاکستانی قوم کی عزت ہیں۔ دوسری جانب وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ وزیر اعلی خیبر پی کے کو کچھ حاصل نہیں ہو رہا لیکن وہ اپنا کام کر رہا ہے۔ علی امین گنڈا پور بد امنی اور انتشار چاہتا ہے، ان کے عزائم پہلے بھی ناکام بنائے اب بھی ناکام بنائیں گے۔ خیبر پی کے میں فارم پینتالیس کی حکومت ہے بتائیں ان کی سوچ کیا ہے، ان کی ایک ہی سوچ ہے گالیاں دو، الزامات لگا دو، جھوٹ بولو، پی ٹی آئی نے اپنے ورکروں کو بھی یہ ترغیب دے رکھی ہے کہ جھوٹ بولو اور الزام لگائو۔