ڈیجیٹل میڈیا اتھارٹی: یکطرفہ قانون سازی نہیں صحافیوں کو اعتماد میں لیں گے: عطا تارڑ

May 19, 2024

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت ڈیجیٹل میڈیا اتھارٹی کے قیام کے حوالے سے یکطرفہ قانون سازی کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی بلکہ اس کے لیے وہ تمام صحافی تنظیموں اور پریس کلبوں کو اعتماد میں لے گی۔ صحافیوں کے لیے ہیلتھ انشورنس سکیم کے جلد آغاز کر دیا جائے گا۔ نیشنل پریس کلب کی مستقل بلڈنگ کی تعمیر اور موجود بلڈنگ کی بہتری اور این پی سی کے لیے سالانہ گرانٹ کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار این پی سی کی گورننگ باڈی سے ملاقات کے دوران کیا۔ ترجمان این پی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نیشنل پریس کلب کی گورننگ باڈی نے صدر اظہر جتوئی کی قیادت میں پی ٹی وی ہیڈکواٹر میں وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ سے ملاقات کی۔ قائم مقام سیکرٹری عون شیرازی، فنانس سیکرٹری وقار عباسی، سینئر نائب صدر احتشام الحق، نائب صدر سید ظفر حسین ہاشمی، نائب صدر شاہ محمد، نائب صدر سحریش اسلم، جوائنٹ سیکرٹری جاوید بھاگٹ کے علاوہ ممبران گورننگ باڈی خالد گردیزی، نوابزادہ خورشید، ماجد افسر، احمد منصور، جعفر بلتی، عادل شہزاد ملک، مشکور احمد، خورشید عباسی بھی ملاقات میں موجود تھے، وفاقی وزیر نے وفد کا خیر مقدم کیا، انہوں نے کہا کہ حکومت نیشنل پریس کلب کی بہتری کے حوالے سے نیشنل پریس کلب کی انتظامیہ کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور وہ اس سلسلے میں ہرممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پریس کلب کو مستقل گرانٹ کی فراہمی کو یقینی بنانے کا ارادہ رکھتی ہے اور وہ جلد اس سلسلے میں وزیر خزانہ سے ملاقات کر کے مالی بجٹ میں پریس کلب کے لیے سالانہ گرانٹ مختص کرانے کے معاملے پر بات کریں گے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ صحافیوں کی ہیلتھ انشورنس  کے فوری آغاز کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس مد میں ہمارے پاس فنڈز موجود ہیں اور یہ طے کیا گیا ہے کہ جو درخواستیں ملی ہوئی ہیں ان کو ادائیگیاں کر دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافی برادری کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔ کوشش ہے کہ جہاں کہیں کسی صحافی کے ساتھ کوئی واقعہ پیش آتا ہے اس کو فوری حل کیا جائے، جہاں زیادتی ہو وہاں معذرت بھی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا سے کوئی اختلاف نہیں لیکن ان کے خیال میں اخبارات جو ختم ہوتے جا رہے ہیں، ان کو بھی زندہ رہنا ہے، ان کی بھی جتنی معاونت کر سکے کریں گے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جب تک میڈیا زندہ ہے معاشرہ زندہ ہے۔ اس موقع پر نیشنل پریس کلب کے صدر اظہر جتوئی اور قائم مقام سیکرٹری عون شیرازی نے وفاقی وزیر کو پریس کلب اور صحافیوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور اس حوالے سے ایک چارٹر آف ڈیمانڈ بھی ان کے حوالے کیا جبکہ وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے فوری گرانٹ کی صورت میں10 لاکھ روپے کا چیک صدر نیشنل پریس کلب کے حوالے کیا۔

مزیدخبریں