لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پاکستان کے پہلے نواز شریف آئی ٹی سٹی پراجیکٹ کی کمرشل لانچنگ کر دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے نواز شریف آئی ٹی سٹی کے آفیشل ’’لوگو‘‘ کی رونمائی کی۔ نواز شریف آئی ٹی سٹی کے بارے میں معلوماتی ڈاکومنٹری بھی پیش کی گئی۔ نواز شریف آئی ٹی سٹی کے لئے سی بی ڈی اور 15 آئی ٹی اور ایجوکیشن کمپنیوں کے درمیان ایم او یو پر دستخط بھی کئے گئے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا نمایاں مظاہرہ کرنے والوں کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔ مریم نواز نے ایوارڈ حاصل کرنے والوں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔ چین، امریکہ، ترکی اور دیگر ممالک کے سفیروں نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ مریم نواز شریف نے تمام معزز سفیروں، صوبائی وزراء اور دیگر شرکاء کو تقریب میں خوش آمدید کہا۔ وزیر اعلیٰ نے خطاب میں کہا کہ صرف ڈھائی ماہ کی مختصر عرصے میں نواز شریف آئی ٹی سٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔ نئی تاریخ لکھی جا رہی ہے، میرا دل خوشی سے معمور ہے۔ آئی ٹی سٹی نواز شریف سے منسوب ہے، جنہوں نے جدید پاکستان کی بنیاد رکھی، ہمیشہ ترقی کی راہ ہموار کی۔ نواز شریف نے تھری جی، فورجی کی بنیاد رکھی، موٹر ویز، ایٹمی دھماکے سب نواز شریف نے کیا۔ پاکستان میں آئی ٹی کا انقلاب دیکھنا چاہتی ہوں۔ نواز شریف سٹی میں متعدد انٹرنیشنل ٹیک جائنٹس آ رہے ہیں۔ 10 کمپنیاں اپنے آفس بنانے آ رہی ہیں۔ نواز شریف آئی ٹی سٹی 853 ایکڑ پر مشتمل ہے، دس سال کے لیے اسے ٹیکس فری کر دیا ہے۔ نواز شریف آئی ٹی سٹی میں آئی ٹی اینڈ ٹیک دسٹرکٹ، نالج سٹی اور فلم سٹی ہو گا۔ نالج میں انٹرنیشنل یونیورسٹیاں اپنے کیمپس بنائیں گی۔ کمپنیوں کو بزنس میں مراعات دینے کے لیے این ایس آئی ٹی کو 10 سال کے لیے ٹیکس فری کر دیا ہے۔کمپنیوں کو لینڈ چاہیے تو لینڈ دیں گے، گرے سٹرکچر چاہیئے تو وہ بنا کر دیں گے۔ نوجوانوں کی آئی ٹی میں ترقی کے لیے انکیوبیٹرز بنا کر دیں گے، نوجوان تین ماہ میں اپنا کام شروع کریں۔ بچوں کے لیے ایکسپرٹ ٹرینرز بلائے کہ وہ بچوں کی ٹریننگ کی تکمیل کے ساتھ ہی جاب ملے۔ نواز شریف آئی ٹی سٹی ہمارے نوجوانوں کو دنیا کے ساتھ قدم سے قدم ملانے کا موقع دے گا۔ بچوں کو آئی ٹی کورسز کے اختتام پر انٹرنیشنل سرٹیفیکیشن ملے گی تاکہ فری لانسنگ میں مزید آسانی ہو۔ بھارت میں اتنا بڑا آئی ٹی انقلاب آیا ہے تو پاکستان میں کیوں نہیں آ سکتا؟۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ ایک سال میں آئی ٹی کی سٹی کی دس بلڈنگز بن جانی چاہیں۔موٹر وے، لیپ ٹاپ، تھری جی، فور جی یہ سب مسلم لیگ (ن) کی نشانیاں ہیں۔ فری وائی فائی پورے پنجاب میں دیں گے۔ جلد دوبارہ لیپ ٹاپ سکیم شروع کر رہے ہیں۔ انشاء اللہ جلد ای بائیکس مہیا کریں گے۔ درخواست دینے والی دس ہزار کے قریب بچیوں کو ای بائیکس دینے کی ہدایت کی ہے۔ علاوہ ازیں مریم نواز شریف کی زیر صدارت بورڈ آف ریونیو ریفارمز سے متعلق خصوصی اجلاس میں پنجاب اربن لینڈ سسٹمز ان ہانسمنٹ (Pulse) پراجیکٹ پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے ڈیجیٹلائزیشن کے لئے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ لینڈ ڈیجیٹلائزیشن کے عمل میں متعلقہ محکموں کے اشتراک کار کو یقینی بنانے کا حکم دیا۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ورلڈ بنک کے تعاون سے پلس پراجیکٹ کے تحت لینڈ ریکارڈ ڈیجیٹلائزیشن کی جا رہی ہے۔ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی اور مینجمنٹ آف سٹیٹ لینڈ نے بزنس پلان کے امور پر بریفنگ دی۔ پنجاب کے تمام موضع جات کی آنر بیسڈ ڈیجیٹلائزیشن کی جائے گی۔ پارٹیشن آف لینڈ اور پارسل ڈاکومنٹ کے ذریعے ریونیو سسٹم کو شفاف بنایا جائے گا۔ گورنمنٹ ہر طرح سے کلیر پراپرٹی کو گرین ڈیکلیر کرے گی۔ ایشو ز والی لینڈ کو ییلو اور ریڈ ڈیکلیر کیا جائے گا۔ مشترکہ کھاتے کا سسٹم ختم کرنے کی تجویز کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔ ہر خریدار کو علیحدہ پراپرٹی نمبر ملنے سے قانونی پیچیدگیاں کم ہوں گی۔ فرد ملکیت اور انتقال اراضی کے سسٹم کو بھی ڈیجیٹلائزیشن کر کے آسان بنایا جائے گا۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے اوورسیز پراپرٹی ٹرانسفر سروس کا جائزہ لیاگیا۔ اوورسیز پراپرٹی ٹرانسفر سروس میں فرد، میوٹیشن، ای گرد آوری اور رجسٹریشن کی سہولت دی جا رہی ہے۔ مریم نواز شریف نے کوٹلی ستیاں میں گاڑی کھائی میں گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے۔ نارووال کے علاقہ بدوملہی میں اوباش گینگ کی خواتین سے زیادتی کے مبینہ واقعات کا نوٹس لیا اور انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اوباش گینگ کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عصمت دری میں ملوث سماج دشمن گینگ کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔ علاوہ ازیں مریم نواز شریف نے خوشاب سون ویلی حادثے پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ٹرک کھائی میں گرنے سے ایک ہی خاندان کے 14 افراد کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔