گندم سکینڈل میں بیوروکریٹ اور ٹیکنوکریٹس ملوث ہیں،ندیم افضل چن 

May 19, 2024

اسلام آ باد (آئی این پی ) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ گندم سکینڈل میں تگڑے لوگ ملوث ہیں ، یہ  بیوروکریٹ اور ٹیکنوکریٹس ہیں،انقلاب کے پیچھے کوئی رائٹر ضرور ہوتا ہے، نوازشریف نے اپنا نقصان خود کرلیا ۔پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ندیم افضل چن نے نجی ٹی وی  سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گندم سکینڈل کی حکومتی انکوائری تو صرف لالی پاپ ہے، اتنے بڑے سکینڈل کی انکوائری فیئر ہونی ہوتی تو اب تک نیب ایکشن میں آچکا ہوتا۔ ندیم افضل چن نے کہا کہ کسان تنظیموں سے میٹنگز کررہے تا کہ مشترکہ فورم سے درخواست دیں، گندم سکینڈل دبانے کی کوشش ہورہی ہے لیکن ہم دبنے نہیں دینگے، درخواست کا ڈرافت تیار کرلیا ہے جو نیب یا عدالت میں دیکر خود مدعی بنیں گے۔  ندیم افضل چن نے انکشاف کیا کہ گندم سکینڈل میں تگڑے لوگ ملوث ہیں جو بیوروکریٹ اور ٹیکنوکریٹس ہیں، اگر اس سکینڈل میں کوئی سیاستدان ملوث ہوتا تو اب تک اسکا گلا دبا دیتے، اتنے بڑے گندم سکینڈل پر نیب کو تو ازخود نوٹس لینا چاہیے تھا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ندیم افضل چن نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو کبھی الیکشن کبھی دیگر طریقوں سے حوصلہ مل جاتاہے، اب لوگ محسوس کررہے ہیں انقلاب کے پیچھے کوئی رائٹر ضرور ہوتا ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ نواز شریف بزرگ سیاستدان ہیں انہوں نے اپنا نقصان خود کرلیا، بندے کا ایگزٹ شاندار اور جاندار ہونا چاہیے جو میاں صاحب کا نہیں ہوا، ایگزٹ اچھا نہ ہونے میں نوازشریف کی اپنی اور مشیروں کی غلطیاں ہیں۔

مزیدخبریں