راولپنڈی (جنرل رپورٹر) بارانی زرعی تحقیقاتی ادارہ (BARI ) چکوال میں بلیک بیری پھل کے بارے میں فارمرز کی آگاہی اور اس منافع بخش پھل کی کاشت کا رجحان بڑھانے کے سلسلہ میں ایک روزہ میلہ منعقد کیا گیا ۔ اس میلہ کا افتتاح ڈائریکٹر
جنرل زرعی تحقیق پنجاب ڈاکٹر ساجد الرحمان نے اے ڈی سی آر چکوال خاور بشیر کے ہمراہ کیا ۔ انہوں نے بعد ازاں میلہ میں لگائے گئے سٹالز کا معائنہ کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل زرعی تحقیق پنجاب ڈاکٹر ساجد الرحمان نے کہا کہ بلیک بیری کی کاشت کے فروغ کے ضمن میں فارمرز کی آگاہی کے لئے اس میلہ کا انعقاد خوش آئند ہے ۔ اس وقت ہائی ویلیو کراپس پر تحقیق ناگزیر ہے۔خطہ پوٹھوار میں ہائی ویلیو کراپس خصوصاً پھلوں کی کامیاب کاشت کے وسیع امکانات موجود ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بلیک بیری بہت غذائیت والا پھل ہے۔اس کی کاشت کر کے کاشتکار بہتر آمدن حاصل کر سکتے ہیں۔
اس پھل سے بہت ساری مصنوعات تیار کی جاسکتی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل نے مزید کہا کہ بلیک بیری کی کاشت بڑھانے کے لئے سرکاری و نجی شعبہ کا اشتراک انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارانی زرعی تحقیقاتی ادارہ چکوال پنجاب بھر کے تحقیقاتی اداروں سے زیادہ تحقیقی سرگرمیاں سر انجام دے رہا ہے اور اس ادارہ نے کاشتکاروں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی سے روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اے ڈی سی آر چکوال خاور بشیر نے اس موقع پر کہا کہ بارانی زرعی ترقیاتی ادارہ میں بلیک بیری فیسٹیول کا انعقاد ایک اچھا ترغیبی اقدام ہے جس کی بدولت مقامی فارمرز کو بھرپور آگاہی حاصل ہو گی ۔ نتیجتاً منافع بخش بلیک بیری پھل کی بڑے پیمانے پر کاشت کو فروغ حاصل ہوگا اور یوں کاشتکاروں کے معاشی استحکام میں بھی اضافہ ہوگا ۔