راولپنڈی(جنرل رپورٹر) پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) نے وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر تجارت جام کمال اور وزیر اعظم کے کوآرڈی نیٹر برائے صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جوس کمپنیوں کی حالیہ ڈیمانڈ کو مسترد کریں جو وہ آئندہ بجٹ میں ٹیکسوں میں کمی کے لیے کہہ رہی ہیں،پناہ حکومت پر زور دیتا ہے کہ وہ گزشتہ ایک سال کے دوران صحت عامہ کو بہتر بنانے کے مقصد سے مالیاتی پالیسیوں میں کی گئی قابل ستائش پیش رفت کو برقرار رکھے، جنرل سیکرٹری ثناء اللہ گھمن نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ تمام قسم کے شکر والے مشروبات پر ٹیکس لگانا جاری رکھے، جن میں جوس، سوڈا، انرجی ڈرنکس، ذائقہ دار دودھ اور آئسڈ چائے شامل ہیں، انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ عوام کے بہترین مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے ٹیکسوں میں اضافے کے حوالے سے مشروبات کی صنعت کی طرف سے کسی بھی مزاحمت کو مسترد کرے۔