کلرسیداں(نامہ نگار)اسسٹنٹ کمشنر کلرسیداں اشتیاق اللہ خان نیازی نے ٹرانسپورٹرز سے کہا ہے کہ وہ پٹرول ڈیزل کے نرخوں میں نمایاں کمی کا ریلیف عوام کو دیں مقررہ کرایوں سے بھی تین چار گنا زائد کی وصولی کی شکایات قابل برداشت نہیں انہوں نے کلر سیداں کے نجی ویگن اڈوں کا دورہ کیا اور کہا کہ کلرسیداں سے راولپنڈی چواخالصہ سمیت تمام روٹوں پر بھاری کرایوں کی شکایات زبان زدوعام ہیں مقررہ کرایوں سے تین چار گنا زائد کرائے وصول کرنا قانون کو ہاتھوں میں لینے کے مترادف جرم ہے اس کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی ٹرانسپورٹرز بلاتاخیر سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی راولپنڈی سے نئے کرائے نامے لے کر گاڑیاں چلائیں بصورت دیگر انتظامیہ کرایوں کا خود تعین کرے گی انہوں نے متعدد اسٹوروں پر جاکر وہاں مشروبات و دیگر اشیائے روزمرہ کے نرخوں کا جائزہ لیا اور خبردار کیا کہ زائدالمعیاد اشیائے سامنے آنے پر سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔اس موقع پر مسافروں نے شکایت کی کہ انتظامیہ نے اندرون شہر ویگن اسٹینڈ کو بند کردیا جس کے نتیجے میں گاڑیاں مختلف گلیوں اور اطراف میں کھڑی ہیں مسافر گاڑیوں کی تلاش میں مارے مارے پھر رہے ہیں انٹطامیہ ا س مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے ۔