وزیراعظم کا کرغیزستان میں پاکستانی سفیر سے رابطہ، اہم ہدایات دیدیں

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کرغیزستان سے پاکستانی طلبہ کو واپس لانے والے خصوصی طیارے سے متعلق ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت کر دی۔ اس حوالے سے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کرغیزستان میں پاکستان کے سفیر حسن علی ضیغم سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔ پاکستانی سفیر نے وزیرِ اعظم کو کرغز نائب وزیرِ خارجہ سے ہوئی اپنی ملاقات سےآگاہ کیا اور کہا کہ کرغز حکومت نے بتایا ہے کہ حالات پر مکمل طور پر قابو پا لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل رات اور آج تشدد کا کوئی نیا واقعہ پیش نہیں آیا، سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے، پاکستانی اور دیگر غیر ملکی طلبہ بالکل محفوظ ہیں۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ حالات معمول پر آنے کے باوجود کوئی طالب علم پاکستان آنا چاہتا ہے تو اسے واپس آنے کے لیے سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزیرِ اعظم کی ہدایت پر خصوصی طیارہ آج شام بشکیک کے لیے روانہ ہو گا جو رات کو 130 پاکستانی طلبہ کو لے کر پاکستان پہنچے گا۔

ای پیپر دی نیشن