کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک سے دو خصوصی پروازیں پاکستانی طلباء سمیت مسافروں کو لیکر وطن واپس پہنچ گئیں۔بشکیک سے اسلام آباد آنے والی پرواز اسلام آباد پہنچی ، پرواز اے کے این 4575 میں 140 مسافروں کو لایا گیا۔ وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے وطن واپس پہنچنے والے طلباء کا استقبال کیا۔اس موقع پر طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طلباء کو کرغزستان میں جن مشکل حالات کا سامنا کرناپڑا ہے اس سے آگاہ ہیں۔واپس آنے والے طلباء کو خوش آمدید کہتے ہیں۔انہوں نے کہا حکومت کرغزستان سے واپس آنے والے طلباء کی ہرممکن مدد کرے گی۔کرغزستان میں پاکستان کے سفیر مقامی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
اس معاملے پر کرغز حکومت سے بات چیت بھی کی ہے جبکہ وزیر اعظم اور وفاقی کابینہ مسلسل رابطے میں ہیں۔انہوں نے کہا طلباء کے والدین کی مشکلات اور پریشانی کا بھی احساس ہے۔
دوسری جانب پرواز کے اے 6571 طلباء سمیت 180 مسافروں کو لیکر لاہور پہنچی۔ اس موقع پر ایئرپورٹ پر طلبہ کے اہلخانہ اور عزیز و اقارب بھی موجود تھے۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی جانب سے ایئرپورٹ پر مسافروں کیلئے خصوصی انتظامات کی ہدایت کی گئی تھی۔اہلخانہ کا کہنا تھا کہ ہمارے بچے اپنی مدد آپ کے تحت پاکستان آرہے ہیں، بچوں کے ساتھ غیر انسانی رویہ رکھا گیا۔ بچوں کے پاس کھانا پینا ختم ہوگیا ہے، حکومت طلبا کے انخلا کو جلد یقینی بنائے۔اس سے قبل بھی پرواز کے اے 571 لاہور ایئرپورٹ پر 180 سے زائد مسافروں کو لے کر پہنچی تھی، وزیر داخلہ محسن نقوی واپس آنے والے طلبا کے استقبال کے لیے ایئرپورٹ پر موجود تھے۔