حسین حقانی کے میمو کی غیرجانبدارانہ تحقیقات نہ کی گئیں تو سپریم کورٹ جائیں گے.میاں نوازشریف

مندرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے صدر کا کہنا تھا کہ حسین حقانی کے معاملے کی انکوائری جلد از جلد مکمل ہونی چاہئے، اگرغیرجانبدارانہ تحقیقات نہ ہوئیں تووہ سپریم کورٹ جائیں گے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ معاملے کی تحقیقات کے لئے اپوزیشن کو اعتماد میں لے کر کمیشن تشکیل دیا جائے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ ایجنسیوں کے سیاسی کردار کو ختم کرنا آرمی چیف کی ذمہ داری ہے جسے پورا کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ نون سینیٹ کے انتخابات سے خوفزدہ نہیں، یہ جمہوری عمل کا حصہ ہے جسے جاری رہنا چاہئے۔
شاہ محمود قریشی کومستقبل میں پنجاب کی وزارت اعلی کی یقین دہانی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی سے ابھی ایک ملاقات ہوئی ہے، جب دوبارہ ملیں گے تو مزید بات ہوگی۔

ای پیپر دی نیشن