آئندہ الیکشن میں مقابلہ پاکستان بچانے اور توڑنے والوں کے درمیان ہے: احسن اقبال


شکرگڑھ (نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ شکرگڑھ کی پسماندگی کی سب سے بڑی وجہ جماعتوں کی سیاست کا فقدان ہے، دھڑے بندیوں نے شکرگڑھ کو ترقی کے لحاظ سے پاکستان کی پسماندہ تحصیلوں میں لاکھڑا کیا ہے، دھڑے بندیوں کے نام پر یہاں ووٹ کا استحصال کیا گیا۔ میں آپکو قول دیتا ہوں کہ اگر آپ نے مسلم لیگ (ن) کا پرچم بلند کیا تو میں پہلے سے دس گنا فنڈز سے شکرگڑھ کو تعمیر و ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرونگا اگر ایسا نہ کر سکا تو سیاست چھوڑ دونگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے درمان چوک میں مسلم لیگ (ن) کے عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار ڈاکٹر نعمت علی جاوید کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں مقابلہ پاکستان کو بچانے والوں اور توڑنے والوں کے درمیان ہے، لوٹ کھسوٹ کی سیاست کا محاسبہ آپ نے ووٹوں کی طاقت سے کرنا ہے، خدارا پاکستان کو بچانے کیلئے مسلم لیگ (ن) کا انتخاب کریں۔ زرداری ٹولے نے اپنے دور اقتدار میں کرپشن کے تمام تر ریکارڈ مات کر دئیے جس کی مثال ہے کہ آج دنیا کے سب سے چھوٹے ملک نیپال کی کرنسی بھی پاکستان سے زیادہ مضبوط ہے۔ زرداری ٹولے نے پاکستان کی ساری دولت بیرون ملک بنکوں میں منتقل کرکے معاشی لحاظ سےپاکستان کی کمر توڑ دی۔ جلسے سے امیدوار ڈاکٹر نعمت علی جاوید، ڈاکٹر طاہر علی جاوید، اصغر علی چودھری، ملک طارق اعوان، خواجہ وسیم بٹ، ڈاکٹر حافظ شبیر، تنویر نثار گجر، چودھری ساجد آف چھجوال نے خطاب کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار ڈاکٹر نعمت علی جاوید کو بھاری اکثریت سے کامیاب کریں۔ اس موقع پر شیخ محمد طارق، چودھری گلزار ایڈووکیٹ، چودھری توقیر افضل گمٹالہ، امین خان، حاجی عبدالقیوم، نوید اختر، عبدالرﺅف خاں، ادریس بھٹی، رانا امیر خاں، رانا قدیر، چودھری ارشاد، میاں منور شریف اور دیگر نے ڈاکٹر نعمت علی جاوید کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ جلسہ کی نقابت کے فرائض ناصر جمیل گورسی، نسیم سردار رضا، چودھری محمد ناصر نے انجام دئیے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...