لاہور (آئی اےن پی) پاکستان ہاکی ٹےم انٹرنیشنل سپر سیریز نائن اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ اور چیمپئنز ٹرافی مےں شرکت کےلئے آج پےر کی شب آسٹرےلےا روانہ ہوگی۔ نائن اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ 22 سے 25 نومبر تک پرتھ، آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا جبکہ چیمپئنز ٹرافی یکم دسمبر سے آسٹریلیا میں شروع ہو گی۔ اےونٹس مےں محمد عمران قومی ٹےم کے کپتان اور محمد وقاص نائب کپتان ہوں گے جبکہ اعلان کردہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں عمران شاہ، عمران بٹ، محمدعتیق، سید کاشف شاہ، وسیم احمد، محمد توثیق، فرید احمد، راشد محمود، محمد رضوان جونیئر، شفقت رسول، عمربھٹہ، عبدالحسیم خان، شکیل عباسی، محمد کاشف علی، محمد رضوان سینئر اور علی شان شامل ہیں۔
اختررسول چوہدری منیجر اینڈ ہیڈکوچ عبدالحنیف خان کوچ، اجمل خان لودھی اور احمد عالم اسسٹنٹ کوچز، فیاض الرحمن فزیوتھراپسٹ اور ندیم خان لودھی وڈیواینالسٹ کے طور پر ٹیم کے ہمراہ ہوں گے۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے چیف کوچ اور منیجر اختر رسول نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں ٹیم سے اچھی امیدیں وابستہ ہیں، ہمارا پہلا ہدف وکٹری سٹینڈ ہے۔ چیمپئنز ٹرافی ٹف ایونٹ ہے پاکستان کا پول آسان نہیں مگر کھلاڑیوں نے سخت محنت کی ہے مجھے امید ہے کہ اس بار نتیجہ میں خاصا فرق سامنے آئے گا۔ پاکستان کو آسٹریلیا ہالینڈ اور بلجےم کے ساتھ سخت چیلنجز کا سامنا ہوگا۔ چیمپئنز ٹرافی ہمارے لئے اگلے ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کی تیاری میں مددگار ثابت ہوگی۔ پی ایچ ایف نے سلیکشن کے اختیارات ٹیم انتظامیہ کو دے کر نئی اور مثبت روایات قائم کی ہے۔ اب ٹیم انتظامیہ براہ راست جواب دہ ہوگی۔ دنیا بھر میں ٹیم آفیشلز بااختیار ہوتے ہیں پاکستان میں ماضی میں جو تجربہ کیا تھا اس میں فیڈریشن کی مداخلت اور عمل دخل موجود تھا مگر اس بار پی ایچ ایف کوئی مداخلت نہیں کررہا۔ ہم نے اپنی مرضی سے ایمانداری کے ساتھ ٹیم منتخب کی یہ تاثر درست نہیں کہ ٹیم آفیشلز اقربا پروری کا مظاہرہ کریں گے اس وقت کھلاڑیوں کی تعداد گنی چنی ہے اس میں زیادتی اور ناانصافی کسی بھی سطح پر ڈھکی چھپی نہیں رہ سکتی۔ ہماری اپنی اولادیں نہیں کھیل رہی ہیں اس لئے ہم کسی کے ساتھ ناانصافی اور زیادتی کیوں کریں۔ محمد وسیم تجربہ کار کھلاڑی ہیں اس لئے انہیں ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ہاف لائن میں اس وقت ان کی ضرورت ہے۔ اختر رسول نے کہا کہ حنیف خان منجھے ہوئے کوچ ہیں، ان کے ساتھ کھلاڑیوں کو کوچنگ دینے میں آسانی ہوگی۔ ہم نے کیمپ میں کئی خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کی ہے جس کے چیمپئنز ٹرافی میں اچھے نتائج سامنے آئیں گے۔ 9 اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ کا کھلاڑیوں کو خاص تجربہ نہیں البتہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل بڑی ٹیموں کے ساتھ کھیل کر کھلاڑیوں کے تجربے میں اضافہ ہوگا اور ان کے اعتماد میں بھی بہتری آئے گی۔
دورہ آسٹریلیا، قومی ہاکی ٹیم آج شب روانہ ہو گی
Nov 19, 2012