لاہور (اے پی پی) لاہور اسلام آباد موٹر وے کے بعد پاکستان کی تاریخ میں ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کا بڑا منصوبہ میٹرو بس سسٹم پر کام تیزی سے جاری ہے۔ 27کلو میٹر طویل ٹریک جو کہ گجومتہ سے لیکر شاہدرہ تک لاہور کے عوام کو سفر کی سہولیات مہیا ہوں گی۔ ترقیاتی منصوبے میں 32اوور ہیڈ بریج جبکہ 8.3کلومیٹر پر مشتمل دنیا کا دوسرا طویل ترین میٹرو بس فلائی اوور بنایا جا رہا ہے۔ ٹیپا ایل ڈی اے کے ترجمان نے بتایا کہ حکومت پنجاب کا عظیم الشان ترقیاتی منصوبہ ہے جس سے عام شہریوں کو وی آئی پی سواری میسر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ فلائی اوور کی تعمیرسے جدید سینکڑوں ائیر کنڈیشن بسوں میں مزدوروں‘ طلبائ‘ بزرگ شہریوں‘ خواتین‘ تجارت سے وابسطہ افراد، سرکاری و افواج پاکستان کے جوانوں اور افسروں سمیت کروڑوں عوام کو بلا رکاوٹ معیاری آرام دہ سفری سہولیات میسر ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میٹرو بس پراجیکٹ کے حوالے سے بھرپور کوشش ہے کہ مذکورہ پروجیکٹ کو 31دسمبر تک مکمل کر دیا جائے گا تاہم حتمی تاریخ دینا ناممکن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تکمیل سے ٹرانسپورٹ کلچر میں ایک نئی تبدیلی آئے گی اور لاہور کے شہریوں کو سفری بہترین سہولیات دستیاب ہونگی۔