جنڈیالہ شیرخان(نامہ نگار) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما وسابق سینئر صوبائی وزیر ملک مشتا ق احمد اعوان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے جب اقتدار سنبھالا تو پاک وطن آمرانہ پالیسیوں کی وجہ سے مسائل کی دلدل میں دھنسا ہوا تھاجن کا حل ہفتوں اور دنوں میں ممکن نہیں تھا بلکہ سالوں پر محیط ہے، پیپلزپارٹی نے بڑی خندہ پیشانی سے تمام مسائل کو حل کرنے کیلئے جدوجہد کی ہے، آج میاں نوا ز شریف کس منہ سے ملک کو مسائل فری کرنے کے اخباری بیانات دے رہے ہیں، ہم نے آمریت کے آگے سیسہ پلائی دیوار بن کر اس کو اقتدار کی کرسی سے علیحدہ کیا اور پھر پاکستان کی ترقی، خوشحالی، امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے علاوہ لوڈشیڈنگ جیسے کربناک مسئلہ کے حل کیلئے جدوجہد کی، جس میں ہم بہت حد تک کامیاب ہوئے ہیں۔