اسلام آباد(آن لائن) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت موجودہ مالی سال کے دوران سوشل سیفٹی نیٹ کا دائرہ کار 140 ارب روپے سے بڑھا کر 175ارب روپے تک لے جائے گی ، پاکستان اپنی معیشت کو ترقی دینے کے لیے ترکی کے تجربات سے سیکھنا چاہتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جاپان کے سفیر ہیروشی انوماتا اور ترکی کے سفیر بابر گرگنی سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگلے پانچ سالوں کے دوران تعلیم کے شعبے کے لیے کوٹہ جی ڈی پی کا چار فیصد تک لے جایا جائیگا۔ حکومتی کفایت شعاری کے ذریعے 140ارب روپے سے زائد رقم کی بچت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جاپان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتی ہے اس موقع پر جاپانی سفیر ہیروشی انوماتا نے کہا کہ پاکستان انسانی وسائل کے لحاظ سے ترقی یافتہ ملک ہے اور یہاں کے نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر ملک کے لیے کثیر زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاپان پاکستان کے ساتھ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں تعاون کا خواہاں ہے۔ جبکہ ترک سفیر نے کہا کہ ترکی نے پچھلی دہائی میں معیشت میں زبردست ترقی کی اور ہم ملک میں ترقی کی رفتار کو تیز کرنے میں اپنے تجربات سے پاکستان کی مدد کرسکتے ہیں۔
سوشل سیفٹی نیٹ کا دائرہ کار 140 سے بڑھا کر 175 ارب روپے کردینگے: اسحاق ڈار
Nov 19, 2013