لاہور(سپورٹس رپورٹر) 10 ویںپاکستان پریمیئر فٹبال لیگ میں مزید تین میچوں کا فیصلہ ہو گیا۔ پی آئی اے اور واپڈا کی ٹیموں نے حریف ٹیموں کو شکست سے دوچار کر دیا جبکہ پاکا اور پی اے ایف کے درمیان میچ برابری پر ختم ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق مختلف سنٹرز پر جاری لیگ میں گذشتہ روز واپڈا نے افغان فٹبال کلب کو ایک کے مقابلے دو گول سے شکست دی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے حسنین عباس اور عارف محمود نے ایک ایک گول کیا جبکہ افغان فٹبال کلب کی جانب سے واحد گول عبدالقادر نے کیا۔ ایک اور میچ میں پی آئی اے نے مسلم فٹبال کلب کو دو ایک سے شکست دی۔ پی آئی اے کی جانب سے شاکر لاشاری نے دونوں گول سکورکئے جبکہ مسلم کلب کا واحد گول عبدالواسع نے کیا۔ تیسرا میچ پاکا اور پی اے ایف کے درمیان کھیلا گیا جو بغیر کسی گول کے برابر رہا۔