لاہور (خصوصی نامہ نگار) امت متحد ہوکر دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک دعوت توحید پاکستان کے مرکزی سربراہ میاں محمد جمیل نے ایبٹ آباد‘ ہری پور اور حویلیاں کے تبلیغی دورہ سے واپسی پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت کے خاتمہ کیلئے مذہبی قیادت کو سر جوڑ کر بیٹھنا ہوگا۔ میاں جمیل نے کہا کہ راولپنڈی اور کوہاٹ کے واقعات فرقہ واریت‘ فسادات کرانے کی خوفناک سازش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو صرف قرآن و سنت پر متحد کیا جا سکتا ہے۔ میاں جمیل نے کہا کہ توحید و رسالت ہی وہ بنیادی عقائد ہیں جن پر کاربند رہ کر شیطانی قوتوں کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات بھائی چارے‘ صلہ رحمی اور احسان پر مبنی ہیں۔ علماء کرام امت میں ہمدردی اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے کردار ادا کریں۔ میاں محمد جمیل نے مزید کہا کہ قرآن و سنت کی تعلیمات کو عام کئے بغیر امن و امان کا قیام ممکن نہیں۔
راولپنڈی اور کوہاٹ کے واقعات سازش ہیں: میاں جمیل
Nov 19, 2013