اسلام آباد (خبر نگار+ آن لائن) الیکشن کمشن نے پنجاب اور سندھ کی انتخابی فہرستیں غیر منجمد کر دیں، بلدیاتی انتخابات کے نئے شیڈول کے اعلان تک انتخابی فہرستوں میں تبدیلی یا نئے ووٹرز کا اندراج ہو سکے گا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق چھ نومبر کو پنجاب اور سندھ کے انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد انتخابی فہرستیں منجمد کر دی گئی تھیں جس کے باعث ووٹرز کو ووٹ تبدیلی اور نئے ووٹ کے اندراج میں پریشانی کا سامنا تھا۔ الیکشن کمشن نے عوامی مشکلات کے پیش نظر دونوں صوبوں کی انتخابی فہرستیں غیر منجمد کر دی ہیں۔ پنجاب اور سندھ کے ووٹرز اپنے ووٹ میں تبدیلی یا نئے ووٹ کا اندراج کرا سکیں گے۔ ووٹرز ویب سائٹ سے فارم ڈاو¿ن لوڈ کر کے اپنا ووٹ درج یا تبدیل کرا سکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن میں آج ایک اعلیٰ سطحی اہم اجلاس ہو گا، جس میں بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے لئے پرنٹنگ کارپوریشن، پی سی ایس آئی آر اور صوبوں کو حلقہ بندیوں اور الیکشن رولز تیار کرنے کے لئے ڈیڈ لائن دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں پنجاب میں 30 جبکہ سندھ میں 18 جنوری کو انتخابات کرانے کے حوالے سے انتظامات پر غور کیا جائے گا، اجلاس میں دونوں صوبائی چیف سیکرٹریز، وزارت داخلہ، خزانہ، قانون، دفاع سمیت پرنٹنگ پریس کارپوریشن، پی سی ایس آئی آر اور نادرا شرکت کریں گے جس میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لئے ایکشن پلان تیار کیا جائے گا اور اداروں کو ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق اداروں کو تمام انتظامات مکمل کرنے کے لئے دسمبر کے پہلے ہفتے کی ڈیڈ لائن دی جائے گی جس کے بعد دسمبر کے دوسرے یا تیسرے ہفتے کے شروع میں الیکشن شیڈول کا اعلان کر دیا جائے گا۔
منجمد کر دیں
بلدیاتی انتخابات پر غور، الیکشن کمشن کا اجلاس آج ہو گا
بلدیاتی انتخابات پر غور، الیکشن کمشن کا اجلاس آج ہو گا
Nov 19, 2013