کوہاٹ : دو گروپوں میں فائرنگ‘ پولیس اہلکاروں سمیت چار جاں بحق‘ متعدد دکانیں نذرآتش‘ کرفیو نافذ

کوہاٹ : دو گروپوں میں فائرنگ‘ پولیس اہلکاروں سمیت چار جاں بحق‘ متعدد دکانیں نذرآتش‘ کرفیو نافذ

Nov 19, 2013

کوہاٹ (نوائے وقت نیوز+ ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) کوہاٹ میں دو گروپوں میں فائرنگ سے 2 پولیس اہلکاروں سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے جس کے بعد شہر میں کرفیو نافذ کردیا گیا۔ کشیدہ حالات کو کنٹرول کرنے کیلئے فوج نے شہر کا کنٹرول سنبھال لیا۔ مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ سے خوف و ہراس پھیل گیا، مشتعل افراد نے درجنوں دکانیں نذر آتش کر دیں۔ کوہاٹ کے تیراہ بازار میں اہلسنت والجماعت کی جانب سے راولپنڈی واقعہ کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی۔ احتجاجی ریلی کے اختتام پر جب کارکن گھروں کی جانب جا رہے تھے کہ امام بارگاہ کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 2پولیس اہلکاروں سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئے۔ فائرنگ کے بعد اہلسنت والجماعت کے کارکن مشتعل ہو گئے اور حکومت اور میڈیا کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ شہر کی مارکیٹیں اور تعلیمی ادارے بند کر دیئے گئے ہیں۔ مشتعل افراد نے تیراہ بازار میں درجنوں دکانیں نذر آتش کر دی ہیں جبکہ میڈیا کے نمائندوں پر بھی ڈنڈوں سے حملہ کیا گیا جس سے ایک صحافی زخمی ہو گیا۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ کشیدہ صورتحال کے باعث شہر کے داخلی و خارجی راستے بند کر دیئے گئے ہیں اور پولیس کی جانب سے لوگوں کو اپنے گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے واقعہ کے بعد سے صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لئے مین بازار کو سیل کرکے مزید نفری طلب کر لی ہے، پولیس نے واقعہ میں ملوث 3 مشتبہ افراد کو گرفتار بھی کیا ہے۔ دوسری جانب ہنگو میں بگڑتی ہوئی صورتحال کے باعث وہاں بھی کرفیو نافذ کردیا گیا جس دو گھنٹے بعد اٹھالیا گیا۔ اس سے قبل ہنگو میں مشتعل مظاہرین نے ہوائی فائرنگ کی اور دکانیں اور بازار بند کرا دیئے۔ اے ایف پی کے مطابق کوہاٹ پولیس کے سربراہ سلام خان نے کہا ہے کہ ریلی پر نامعلوم افراد نے امام بارگاہ کے قریب فائرنگ کی۔ ادھر کوہاٹ اور ہنگو میں کشیدہ صورتحال کے باعث خیبر پی کے حکومت نے وفاق سے حساس علاقوں میں موبائل فون سروس معطل کرنے کی استدعا کی ہے۔ اے این پی کے سربراہ اسفندیار ولی نے کوہاٹ اور ہنگو میں دو گروپوں کے درمیان تصادم پر اظہار تشویش کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت خیبر پی کے میں ناکام ہو گئی صوبائی حکومت عوام کی جان و مال کی حفاظت کرے۔ امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کوہاٹ میں ہلاکتوں پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اسلام و ملک دشمن قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے متحد ہو جائیں اور کسی شرپسند کو ملک کے امن اور عوام کے جان و مال سے کھیلنے کا موقع نہ دیں۔کوہاٹ بورڈ کے کل ہونیوالے پرچے منسوخ کر دئیے گئے۔ یونیورسٹی بھی غیر معینہ مدت تک بند ہو گئی ہے۔ ایک زخمی شخص کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔ کوہاٹ میں تعلیمی بورڈ کے تحت منگل کو ہونیوالے تمام پرچے منسوخ کر دیئے گئے۔ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کوہاٹ بھی غیر معینہ مدت تک بند کردی گئی ہے۔ضلعی انتظامیہ کوہاٹ کی طرف سے آج شہر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ تمام تعلیمی ادارے بھی بند رہیں گے۔کوہاٹ میں امن کی بحالی کیلئے کمشنر کی سربراہی میں 26 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔ کمیٹی کی رائے پر آج کرفیو سے متعلق فیصلہ ہوگا، کوہاٹ میں صبح 10 بجے تک کرفیو نافذ ہوگا۔
کوہاٹ

مزیدخبریں