خیبر ایجنسی+ کرم ایجنسی+ نوشہرہ (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) وادی تیراہ کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی فضائی کارروائیوں میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق جیٹ طیاروں کے ذریعے بمباری سے متعدد دہشت گرد زخمی اور انکے 3 ٹھکانے بھی تباہ ہوئے جبکہ چارسدہ کے علاقے شبقدر میں پولیس کی موبائل پر دستی بم سے حملہ میں 2 اہلکار شہید ہو گئے جبکہ پولیس گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ ٹانک کے علاقے ملازئی میں بھی پولیس وین پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے باعث ایس ایچ او سمیت 5 اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ کرم ایجنسی کے علاقے پاراچنار میں ایک سکول وین کے قریب بم دھماکے میں ایک طالب علم اور اسکا باپ جاں بحق جبکہ 5 بچے زخمی ہو گئے۔ نوشہرہ میں سڑک کے کنارے سے 4 بوری بند نعشیں ملی ہیں جنہیں فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا جبکہ خیبر ایجنسی کے علاقے باڑہ سے بھی 2 نعشیں ملی ہیں۔ پولیٹکل انتظامیہ کے ایک اہلکار کے مطابق باڑہ کے علاقے سپاہ میں سڑک کنارے سے 2 نعشیں ملی ہیں۔ بظاہر لگتا ہے کہ یہ نعشیں دہشت گردوں کی ہیں۔ ادھر چارسدہ کے علاقے شبقدر میں پولیس وین پر دستی بم سے حملہ کیا گیا جس کے باعث 2 اہلکار شہید ہوگئے جبکہ ٹانک کے علاقے ملازئی میں بھی پولیس وین پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایس ایچ او سمیت 5 اہلکار زخمی ہوگئے۔ عینی شاہد کے مطابق پولیس وین میں آگ لگ گئی۔ علاوہ ازیں پارا چنار کے علاقے نستی کوٹ میں سکول وین کے قریب دھماکہ اس وقت ہوا جب بچے سکول جانے کی تیاری کررہے تھے، دھماکے کے نتیجے میں وین ڈرائیور اور اسکا بیٹا موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 5 بچے زخمی ہوگئے۔ پولیٹیکل حکام کے مطابق دھماکے کے وقت متاثرہ سکول وین میں 6 بچے سوار تھے جبکہ دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیٹیکل حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والا وین ڈرائیور اور طالبعلم باپ بیٹا تھے اور زخمیوں میں شامل ایک بچی بھی جاں بحق ڈرائیور کی بیٹی تھی، تاحال اس واقعہ کی ذمہ داری کسی فرد یا گروہ نے قبول نہیں کی۔ دوسری جانب نوشہرہ کے علاقے سرگئی روڈ سے 4 بوری بند نعشیں ملی ہیں جن میں سے دو کی شناخت ہوگئی ہے۔ متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او خادمین خان کے مطابق چاروں نعشیں ڈی ایچ کیو نوشہرہ بھیج دی گئیں۔ شناخت کی جانے والی نعشوں کا تعلق صوابی سے ہے جن کی شناخت اصغر اور مشتاق کے نام سے ہوئی ہے۔ ادھر باڑہ میں بھی 2 افراد کی نعشیں ملی ہیں۔ ادھر وادی تیراہ میں فورسز کے جیٹ طیاروں نے ملک دین خیل، طوردرہ اور دواتوئی کے علاقوں میں کارروائی کی۔ علاوہ ازیں شبقدر میں دستی بم حملے میں جاں بحق دو پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے پولیس موبائل پر بم حملے کی مذمت کی اور جاں بحق پولیس اہلکاروں کے لواحقین کیلئے 30، 30 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پارا چنار کے علاقے نستی کوٹ میں سکول وین کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔