معروف صنعتکار اور سابق وفاقی وزیر شہزادہ عالم منوں انتقال کرگئے صدر ممنون، گورنر سرور، شہبازشریف کا اظہار افسوس

لاہور (کامرس رپورٹر+ خصوصی رپورٹر) معروف صنعتکار، سابق وفاقی وزیر اور لاہور چیمبر کے سابق صدر شہزادہ عالم منوں گزشتہ روز انتقال کر گئے۔ انکی نمازہ جنازہ عابد مجید روڈ لاہور کینٹ میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز، سینئر نائب صدر میاں نعمان کبیر، سابق صدور میاں انجم نثار، میاں مصباح الرحمن، شاہد حسن شیخ، میاں مظفر، پیاف کے سینئر رہنما شیخ محمد ارشد، آپٹما پنجاب کے سابق نائب صدر ایس ایم عمران، ایس ایم نوید، پیپلز پارٹی کے رہنما قاسم ضیاء اور سابق ایم ڈی پیپکو طاہر بشارت چیمہ سمیت ملک بھر کی کاروباری، صنعتکاربرادری سیاسی و سماجی شخصیات اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔ شہزادہ عالم منوں 1936ء میں چنیوٹ میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم ایچی سن کالج لاہور سے حاصل کی جبکہ اعلیٰ تعلیم کیلیفورنیا (امریکہ) سے حاصل کی۔ وہ متعدد فلاحی اور کثیر تعداد میں نجی اداروں کے بانی اور سربراہ تھے۔ 2007ء میں وہ وفاقی وزیر ٹیکسٹائل کے عہدے پر رہے، انکا شمار پاکستان کے 40 امیر ترین خاندانوں میں ہوتا تھا۔ مرحوم کی اہلیہ کا انتقال پہلے ہی ہو چکا ہے۔ پسماندگان میں 4 بیٹیاں اور 1 بیٹا چھوڑا ہے۔ انکی تدفین بھٹہ چوک میں واقع خاندان کے ذاتی قبرستان ’’باغ رحمت‘‘ میں والد نذیر احمد منوں کے پہلو میں کی گئی۔ علاوہ ازیں صدر مملکت ممنون حسین، گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے شہزاد عالم منوں کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے شہزادہ عالم منوں کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور اپنے تعزیتی پیغام میں عمزدہ خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے۔

ای پیپر دی نیشن