اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے پاکستان میں جمہوری عمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان کا ملک پاکستان میں جمہوری عمل کی مضبوطی کے لئے تعاون جاری رکھے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مزید برآں این این آئی کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے امریکی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی اور پارلیمانی اداروں کی جدوجہد کی وجہ سے جمہوریت مستحکم ہو رہی ہے، پاکستان کے لئے امریکہ کی سپورٹ قابل ستائش ہے۔ سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی کی کارکردگی اور پارلیمانی روایات کو بہتر بنانے کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں کہا کہ ہم پاکستان کے عوام کے ٹیکسوں سے حاصل ہونے والی آمدنی کے ضیاع کے حوالے سے کارپوریٹ کلچر متعارف کرا رہے ہیں تاکہ قیمتی پیسے کی بچت کی جا سکے۔ امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے پاکستان میں سیاسی اور پارلیمانی اداروں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ سیاسی بے چینی کی صورتحال میں حکومت نے بہتر انداز میں نمٹنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے احتجاج کرنا جمہوریت کی خوبصورتی ہے اور جمہوری انداز میں منتخب ہو کر حکومت کرنا بھی جمہوریت کا حصہ ہے۔ انہوں نے دولت مشترکہ کی 61 ویں کانفرنس کا اکتوبر 2015ء میں پاکستان میں انعقاد خوش آئند قرار دیا اور سردار ایاز صادق کو صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ ایاز صادق نے امریکی طلباء کو پاکستان میں انٹرن شپ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اس سے وہ پاکستان کے بارے میں مزید آگاہی حاصل کر سکیں گے۔ امریکی سفیر نے کہا کہ 2011ء کا سال دونوں ممالک کیلئے بڑا مشکل وقت تھا، دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات متاثر ہوئے لیکن اب ان تعلقات میں بہتری اور اعتماد کا رشتہ بحال ہو رہا ہے۔