ملتان (سپیشل رپورٹر) بوگس بھرتیوں کے کیس میں عبوری ضمانت خارج ہونے پر رجسٹرار زکریا یونیورسٹی ملک منیر حسین کو گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیل کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن ملتان میں زکریا یونیورسٹی میں خلاف ضابطہ ایڈمن آفیسرز کی بھرتی پر مقدمہ درج تھا۔ اس مقدمہ میں ملوث رجسٹرار زکریا یونیورسٹی ملک منیر حسین نے اینٹی کرپشن کی خصوصی عدالت سے ضمانت کرا لی تھی۔ گزشتہ روز درخواست ضمانت کی پیشی تھی۔ عدالت نے منیر ملک کی درخواست خارج کردی۔ جس پر منیر ملک نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم اینٹی کرپشن حکام نے انہیں موقع پر ہی دھر لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک منیر حسین بہاء الدین زکریا یونیورسٹی لاہور کیمپس کا بھی مرکزی ملزم ہے۔ ملزم نے نیب کے ہاتھوں گرفتاری کے ڈر سے پہلے یونیورسٹی سے مفروری اختیار کی اور پھر لاہور ہائیکورٹ پرنسپل سیٹ سے عبوری ضمانت کرا لی۔