اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ دستیاب وسائل میں مسائل کا حل اور قوم کی خدمت ہی اصل کارنامہ ہے، اس تناظر میں ایل این جی منصوبہ بہترین ہے جس سے ملک کی توانائی کی ضروریات پوری کی جا سکتی ہیں۔ صدر مملکت نے یہ بات بدھ کو ایوان صدر میں ایل این جی منصوبے پر ایک بریفنگ میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ پٹرولیم اور قدرتی وسائل کے وفاقی وزیر شاہد خاقان عباسی نے منصوبے کے بارے میں صدر مملکت کو بریفنگ دی۔ صدر مملکت نے کہا کہ ملک میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے اسی طرح کے کم خرچ اور زیادہ افادیت رکھنے والے منصوبوں پر تیزی سے کام کیا جائے تاکہ عوام مایوسی کے اندھیروں سے باہر نکل سکے، معیشت درست راستے پر چل پڑی ہے۔ دریں اثناء صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ تاریخی‘ ثقافتی اور مذہبی رشتوں پر مبنی برادرانہ تعلقات کی بہت قدر کرتا ہے۔ انہوں نے یہ بات ایران کے سبکدوش ہونے والے سفیر علی رضا حقیقیاں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے بدھ کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر نے کہا کہ ایران کے خلاف پابندیوں کے خاتمے سے دو طرفہ تجارت کے فروغ ‘سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبہ میں تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔ دوطرفہ تجارت کو مزید بڑھانے کے لئے وسیع مواقع موجود ہیں‘ پاکستان آئی پی گیس پائپ لائن منصوبے کے لئے پُرعزم اور ایران سے بجلی درآمد کرنے کا خواہاں ہے۔ صدر نے سبکدوش ہونے والے ایرانی سفیر کی دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کے مزید فروغ کے لئے خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی نئی ذمہ داریوں کی کامیابی کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔
ایل این جی منصوبے سے ملکی توانائی ضروریات پوری کی جا سکتی ہیں: صدر ممنون
Nov 19, 2015