کراچی (نیٹ نیوز) سندھ اسمبلی کے سپیکر آغا سراج درانی نے ایم کیو ایم کے اراکین کے استعفے واپس لیکر انہیں ایوان میں واپس آنے کی اجازت دیدی ہے۔ سندھ اسمبلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ارکان اسمبلی نے اپنے استعفے واپس لینے کی درخواست کی تھی جسے منظور کر لیا گیا، اب ایم کیو ایم کے ارکان اسمبلی میں آسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی بہتری کے لیے ورکنگ ریلیشن شپ ہونی چاہئے، صوبے کی بہتری کے لیے تمام جماعتوں کو کہیں گے وہ ہمارے ساتھ کام کریں، ایم کیو ایم کو صوبائی حکومت میں شمولیت کی دعوت نہیں دے سکتے، یہ کام تو سندھ حکومت ہی کر سکتی ہے۔ سپیکرسندھ اسمبلی نے کہا کہ بلاول کا بدین میں اسی طرح استقبال ہوا جس طرح بے نظیر بھٹو کا ہوتا تھا، پیپلز پارٹی کو اپنے مفاد میں استعمال کرنے والوں کا حشر برا ہوگا، ذوالفقار مرزا تو چھوٹے آدمی ہیں، بڑے بڑے لوگوں نے پارٹی کو چھوڑا ان کا حشر عوام کے سامنے ہے۔