اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) پاکستان میں نئے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل گزشتہ روز اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لئے اسلام آباد پہنچ گئے۔امریکی سفارتخانہ کے ذرائع کے مطابق نئے سفیر پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو وسعت دینے اور پاک امریکہ تجارت کو فروغ اور سلامتی کے مسائل سمیت جن امور پر صدر اوبامہ اور وزیراعظم نوازشریف کے درمیان 22اکتوبر کو واشنگٹن میں ملاقات ہوئی تھی اس ملاقات میں طے ہونے والے نصب العین کے حصول کیلئے کام کریں گے۔پاکستان اور امریکہ کے نئے سفیر ڈیوڈ ہیل امریکی محکمہ خارجہ کے سینئر افسر ہیں۔وہ لبنان میں امریکہ کے سفیر رہ چکے ہیں۔ اس سے پہلے وہ مشرق وسطیٰ کیلئے امریکہ کے خصوصی مندوب کی حیثیت سے فرائض انجام دے چکے ہیں وہ اردن میں سفیر‘ سعودی عرب‘ تیونس اور بحرین کے امریکی سفارتخانوں میں بطور سفارتکار فرائض انجام دے چکے ہیں۔ وہ بحیرہ روم کے علاقے کیلئے امریکی وزیر خارجہ کے نائب معاون سیکرٹری اور اسرائیل و فلسطین کے امور کے ڈائریکٹر بھی رہ چکے ہیں۔نئے امریکی سفیر ڈیوڈ روانی سے عربی بولتے ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے انہیں اعلیٰ خدمات دینے کے عوض ایوارڈ دیا تھا۔