اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ارکان پارلیمنٹ کے اثاثوں کی چھان بین کیلئے فریم ورک تیار کر لیا گیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر کانفیڈینشل اور ڈپٹی ڈائریکٹر پولیٹیکل فنانس ونگ کو ذمہ داریاں تفویض کردی گئیں۔ الیکشن کمشن نے ہدایت کی ہے کہ ڈپٹی ڈائریکٹر پولیٹیکل فنانس انتخابی مہم کے اخراجات پر نظر رکھیں گے۔ ارکان پارلیمنٹ کے اثاثوں کا گزشتہ 2 سال کے اثاثوں سے موازنہ کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ایف بی آر، آڈیٹر جنرل، ایف آئی اے اور دیگر ایجنسیوں سے معاونت لیں گے۔ اثاثوں کی چھان بین ہر سال یکم نومبر سے شروع ہو گی اور اس میں غلط بیانی پر کارروائی ہو گی۔ الیکشن کمشن نے پولیٹیکل فنانس ونگ میں 7 آسامیوں پر بھرتیوں کی تجویز بھی دی ہے۔