لاہور( خصوصی نامہ نگار)برصغیر کے عظیم صوفی بزرگ حضرت سید علی بن عثمان الہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخش ؒ کے 973 ویں سالانہ عرس مبارک کی تین روزہ تقریبات آج (ہفتہ) بمطابق 18 صفر المظفر سے شروع ہوں گی۔ محکمہ اوقاف و مذہبی امور کی طرف سے عرس مبارک کیلئے تمام تیاریوں کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ و داتا دربار مذہبی امور کمیٹی کے سربراہ اسحاق ڈار اور صوبائی وزیر اوقاف میاں عطاء محمد مانیکا آج مزار پر چادر پوشی کرکے عرس کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز کرینگے علاوہ ازیں دودھ کی سبیل کا افتتاح بھی ہوگا۔ پیر کے روز جاری رہنے والی تقریبات کے سلسلہ میں قومی محفل حسن قرأت، محفل نعت اور محافل سماع کے انعقاد کے علاوہ سیمینارز کا انعقاد کیا جائیگا۔ تین روزہ عرس کے دوران لوگوں کی بڑی تعداد حاضری دیتے ہوئے مزار پر موم بتیاں اور اگربتیاں جلا کر دعائیں مانگیں گے۔ عرس کے دوران مزار کو نہایت خوبصورت انداز میںبرقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔ داخلی اور خارجی راستوں سمیت گردونواح میں بھی سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ زائرین کو دربار میں داخلے سے قبل تلاشی دینے کے پانچ مراحل سے گزرنا پڑے گا جس کیلئے کنٹینرز لگا کر واک تھرو گیٹ نصب کردئیے گئے ہیں۔