پشاور(این این آئی)وزیر اعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ سی پیک پورے خطے کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ یہ اپنی حیثیت کا منفرد منصوبہ ہے جو پورے خطے کو باہم مربوط کرے گا۔ چین اس سلسلے میں بدستور سرمایہ کاری کررہا ہے باقی اسلامی برادر ممالک کو بھی آگے آنا چاہیئے اور اس خطے کی اہمیت کے تناظر میں سرمایہ کاری کرنی چاہئے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم سرمایہ کاری کے مواقع پیش کرچکے ہیں اور فیزبیلٹی تیار کرلی ہے۔ صوبے کے مستقبل کا تعین کرلیا ہے جس سے نہ صرف پاکستان بلکہ پڑوسی ممالک کے عوام بھی مستفید ہوں گے۔ ہم تربیت یافتہ فورس تیار کر رہے ہیں متحدہ عرب امارات کو جس قسم کی بھی افراد ی قوت درکار ہو گی فراہم کریں گے۔ ہم اپنے اسلامی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات اور تجارتی سرگرمیوں کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے متحدہ عرب امارات کے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم سی پیک کے تناظر میں سرمایہ کاری کیلئے مختلف شعبہ جات میں انتظامات مکمل کر چکے ہیں۔ ہمارے صوبے میں توانائی، سیاحت، صحت، تعلیم، زراعت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ہم نے سرمایہ کاروں کیلئے کاروبار دوست ماحول بنایا ہے۔ حالات سازگار ہیں یہی وجہ ہے کہ اب مقامی سرمایہ کاروں کے علاوہ بین الاقوامی سرمایہ کار بھی یہاں کا رخ کررہے ہیں۔